فرنچ اوپن: ندال اور سرینا اعزاز کا دفاع کریں گے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سپین کے ٹینس سٹار رفائل ندال نو میں سے آٹھ مرتبہ فرنچ اوپن میچ میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں

فرانس کے شہر پیرس میں اتوار سے فرنچ اوپن ٹینس مقابلے شروع ہو رہے ہیں جس میں دنیا کے سرکردہ ٹینس کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

مردوں کے سنگلز مقابلوں میں جہاں رفائل ندال کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تو وہیں خواتین کے سنگلز مقابلوں میں سب کی نظریں امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز پر ہوگی کیونکہ یہ دونوں دفاعی چیمپیئن بھی ہیں۔

واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں ندال اور سرینا ولیمز کو اول نمبر دیا گيا ہے۔

یہ ٹورنا منٹ 25 مئی سے آٹھ جون تک جاری رہے گا۔

اس سے قبل سپین کے ٹینس سٹار رفائل ندال نو میں سے آٹھ مرتبہ فرنچ اوپن میچ میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔

انھیں مٹی کے کورٹ کا ’بادشاہ‘ کہا جاتا ہے اور فرنچ اوپن پر ان کی ’بادشاہت‘ ایک عرصے سے قائم ہے۔

فرنچ اوپن کے مقابلے رولاں گیروز میں مقامی وقت کے مطابق آج صبح 11 بجے شروع ہو رہے ہیں۔

پہلا میچ پولینڈ کی عالمی نمبر تین کھلاڑی ایگنیئسزکا رڈوانسکا اور چین کی شوائی ژانگ کے درمیان ہوگا۔

سرینا ولیمز کا مقابلہ فرانس کی الیزلم سے آج ہو گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سیرینا ولیمز فرنچ اوپن کی دفاعی چیمپیئن ہیں اور اس بار انھیں فیورٹ بھی قرار دیا جا رہا ہے

مردوں کے سنگلز مقابلوں میں پہلا مقابلہ کورٹ فلپ چیٹریئر کورٹ پر عالمی نمبر چار سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر اور سلوواکیا کے لوکاس لاکو کے درمیان ہوگا۔

اس سال انعام کی رقم میں گذشتہ سال کے مقابلے 10 فی صد کا اضافہ کیا گیا ہے۔

مردوں کے سنگلز کے فاتح کو 16 لاکھ 50 ہزار یورو جبکہ اتنی ہی رقم خواتین سنگلز کی فاتح کو بھی ملے گی۔

مقابلے کے رنرز اپ کو آٹھ لاکھ 25 ہزار یورو دیا جائے گا جبکہ سیمی فائنل میں پہنچنے والوں کو چار لاکھ 12 ہزار پانچ سو یورو دیے جائیں گے۔

اسی بارے میں