آئی پی ایل،کولکتہ نائٹ رائڈرز فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption کولکتہ نائٹ رائڈرز کے منیش پانڈے نے 20 بالز پر 21 رن، شکیب الحسن نے 16 پر 18 رن بنائے

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں بدھ کو کھیلےگئے پہلے ناک آؤٹ میچ میں کولکتہ نائٹ رائڈرز کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کو 28 رن سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

کولکتہ کی ٹیم دوسری بار فائنل میں پہنچی ہے۔ پہلی بار سنہ 2012 میں اس نے فائنل جیتا تھا۔

ایک دوسرے میچ میں چینئی سپر کنگز نے دفاعی چیمپیئن ممبئی انڈینز کو سات وکٹوں سے ہرایا اور اس طرح ممبئی انڈینز ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے۔

اس سیزن میں پنجاب کی ٹیم اوّل نمبر پر رہی ہے اس لیے شکست کے باوجود اسے فائنل کھیلنے کے لیے ایک اور موقع دیا جائے گا۔ اسی اصول کے تحت پنجاب اور چینئی کے درمیان تیس مئی کو میچ ہوگا اور اس میچ میں جو ٹیم جیتے گی وہی کولکتہ کے ساتھ فائنل کھیلے گی۔

بدھ کو پہلا میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈین میں کھیلا گيا جہاں کنگز الیون پنجاب کو جیتنے کے لیے مقررہ 20 اوور میں 164 رن درکار تھے لیکن اس کی ٹیم آٹھ وکٹ کے نقصان پر 135 رن ہی بنا سکی۔

اس میچ میں پنجاب کی طرف سے مانو ووہرا 19 بالز پر 26 رن، وردھمان ساہا 31 پر 35 رن اور کپتان جارج بیئلی 17 گیندوں پر 26 رن بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

کولکتہ کے گیند باز اومیش یادو نے تیرہ رن کے عوض تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی شاندار باؤلنگ کے سبب پنجاب کی ٹیم لڑکھرا کر رہ گئی اس لیے وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

کنگز الیون پنجاب کے کپتان جارج بیئلی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اورکولکتہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 163 رن سکور کیے۔

رابن اتھپّا نے ایک بار پھر سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 42 رن سکور کیے۔ منیش پانڈے 20 بالز پر 21 رن، شکیب الحسن 16 پر 18 رن اور سوریہ کمار یادو 14 پر 20 رن بنا کر نمایاں رہے۔

پنجاب کے گیند باز کرن ویر سنگھ نے 40 رنوں کےعوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرا میچ ممبئی میں ہوا جس میں چینئی سپر کنگز کو جیتنے کے لیے 174 رنوں کا ہدف ملا تھا جو اس نے انیسویں اوور کی چوتھی بال پر تین وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

چینئی کی طرف سے اوپنر ڈائن سمتھ نے 20 بال پر 24 رن، ڈوپلسیس نے 20 گیندوں پر 35 رن، سریش رائنا نے 33 گیندوں پر 54 رن اور ڈیوڈ ہسّی نے 29 بالز پر 40 رن سکور کیے۔ سریش رائنا کو مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل ہوا۔

چينئی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ممبئی انڈینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 173 رن سکور کیے۔

ممبئی کی طرف سے اوپنر لینڈل سیئمنز 44 بالز پر 67 رن، مائیکل ہسّی 33 پر 39 رن، کوری اینڈرسن 10 گیندوں پر 20 رن اور کپتان روہت شرما 16 بالز پر 20 رن بنا کر نمایاں رہے۔

چینئی کی طرف سے موہت شرما نے 42 رن کے عوض تین وکٹیں، روندر جڈیجہ نے 31 رن دیکر دو اور آشیش نہرا نے 34 رن کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔

اسی بارے میں