گمبھیر کی واپسی جبکہ یوراج، ظہیر باہر

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption گوتم گمبھیر کو تقریبا 18 ماہ کے بعد ٹیم میں جگہ ملی ہے جنھوں نے اپنا آخری میچ دسمبر 2012 میں کھیلا تھا

بھارت نے جولائی کے مہینے میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

ایک عرصے کے بعد معروف اوپننگ بلے باز گوتم گمبھیر کی ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ تیز بولر ظہیر خان اور یوراج سنگھ اس ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے۔

انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ یعنی بی سی سی آئی نے اس کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش میں ون ڈے سیریز کے لیے بھی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں تیز گیندباز پنکج سنگھ کو بھی موقع دیا گیا ہے۔

گوتم گمبھیر کو تقریباً 18 ماہ کے بعد ٹیم میں جگہ ملی ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ہونے والی پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے 18 رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے جو اپنے آپ میں معمول سے زیادہ ہے کیونکہ عام طور پر 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا جاتا ہے۔

جہاں گمبھیر کو ٹیم میں جگہ ملی ہے وہیں تجربہ کار فاسٹ بولر ظہیر خان ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

ظہیر خان کی وجہ ان کی انجری ہے یا کچھ اور اس کی تفصیل نہیں دی گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption روبن اتھپا کی آئی پی ایل میں بہتر کارکردگی نے انھیں ٹیم میں جگہ دلانے میں اہم کردار نبھایا ہے

بنگلہ دیش کی ون ڈے سیریز کے لیے کپتان مہندر سنگھ دھونی اور نائب کپتان وراٹ کوہلی کو آرام دیا گیا ہے۔

ان کے ساتھ مزید کئی کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے جن میں یوراج سنگھ بھی شامل ہیں۔

اس سیریز میں کپتانی کی ذمہ داری سریش رائنا کو سونپی گئی ہے۔

بنگلہ دیش ٹیم میں رابن اتھپا کو موقع ملا ہے۔ اتھپا نے فی الحال جاری آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔

کشمیر سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی پرویز رسول کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل زمبابوے کی سیریز کے لیے بھی ان کا انتخاب ہوا تھا لیکن انھیں ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا۔

نوجوان کھلاڑی اکشر پٹیل کو بھی آئی پی ایل میں ان کی کارکردگی کے سبب جگہ ملی ہے۔

انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ ٹیم اس طرح ہے:

مہندر سنگھ دھونی (کپتان) ، مرلی وجے، شکھر دھون، گوتم گمبھیر، چتیشور پجارا، وراٹ کوہلی، اجنکیا رہانے، روہت شرما، روندر جڈیجا، آر اشون، بھونیشور کمار، محمد شامی، ایشور پانڈے، ایشانت شرما، سٹیورٹ بنّي، ورون ایرون، وردھمان ساہا اور پنکج سنگھ۔

بنگلہ دیش ون ڈے سیریز کے لیے بھارتی ٹیم:

سریش رینا (کپتان) ، روبن اتھپا، اجنکیا رہانے، چتیشور پجارا، امبتي رائڈو، منوج تیواری، کیدار جادھو، وردھمان ساہا، پرویز رسول، اکشر پٹیل، ونے کمار، امیش یادو، سٹیورٹ بني، موہت شرما اور امیت مشرا۔

اسی بارے میں