فٹبال ورلڈ کپ:’انگلینڈ سب سے سخت گروپ میں‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کا پہلا دوستانہ میچ دو دو گول سے برابر رہا

فٹبال کی عالمی تنظیم ’فیفا‘ کی جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق انگلینڈ برازیل میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے سب سے سخت گروپ میں ہے۔

انگلش ٹیم اس وقت عالمی درجہ بندی میں دسویں نمبر پر ہے اور ورلڈ کپ میں اسے گروپ ڈی میں یوروگوائے، اٹلی اور کوسٹریکا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

فٹبال کے عالمی کپ پر خصوصی ضمیمہ

ان ٹیموں میں سے یوروگوائے ساتویں، اٹلی نویں اور کوسٹریکا 28ویں درجے کی ٹیم ہے۔

ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم کا گروپ وہ واحد گروپ ہے جس میں درجہ بندی کی دس بہترین ٹیموں میں سے تین شامل ہیں۔

ارجنٹائن کی ٹیم جسے پانچواں نمبر ملا ہے ٹیموں کی درجہ بندی کے لحاظ سے کمزور ترین گروپ میں شامل ہے۔

اس ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں میں درجہ بندی کے لحاظ سے سب سے کمزور آسٹریلیا کی ٹیم ہے جسے فیفا کی رینکنگ میں 62 واں درجہ ملا ہے۔

عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ورلڈ کپ کی دفاعی چیمپیئن سپین کی ٹیم ہے جبکہ جرمنی دوسرے، ورلڈ کپ کی میزبان برازیل تیسرے اور پرتگال چوتھے نمبر پر ہے۔

انگلینڈ اس ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز 14 جون کو مناس میں اٹلی کے خلاف میچ سے کرے گا۔

اس کا دوسرا میچ 19 جون کو یوروگوائے اور تیسرا 24 جون کو کوسٹریکا کے خلاف ہوگا۔

ورلڈ کپ میں ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں ہی اگلے ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنا پائیں گی۔