کرکٹ کھلاڑیوں کے معاوضوں میں اضافہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام کیٹگریز میں کھلاڑیوں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے معاوضوں میں قابلِ ذکر اضافے کے ساتھ ساتھ سپانسر کرنے والی کمپنیوں کے لوگو لگانے پر ملنے والی رقوم میں بھی ان کا حصہ بڑھا دیا ہے۔

یہ اضافہ کھلاڑیوں کو سنہ 2014 کے لیے دیے گیے سینٹرل کانٹریکٹ میں دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 31 کرکٹرزکو چار کیٹگریز میں سینٹرل کانٹریکٹ دیا ہے۔ کیٹگری اے میں مصباح الحق، شاہد آفریدی، سعید اجمل، محمد حفیظ اور جنید خان شامل ہیں۔

کیٹگری بی میں یونس خان، احمد شہزاد، عمر اکمل اور عمر گل کو شامل کیا گیا ہے۔

کیٹگری سی میں چھ کھلاڑی ہیں جن میں اسد شفیق، اظہر علی، عدنان اکمل، خرم منظور، ناصر جمشید اور عبدالرحمٰن شامل ہیں۔

سب سے زیادہ کھلاری کیٹگری ڈی میں ہیں جس میں سرفراز احمد، محمد عرفان اور صہیب مقصود سمیت 16 دیگر کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

سینٹرل کانٹریکٹ دینے کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے والی کمیٹی میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان، چیف سلیکٹر معین خان اور محمد اکرم شامل ہیں۔

ذاکر خان کے مطابق سینٹرل کانٹریکٹ دینے کے لیے جن باتوں کو مد نظر رکھا گیا ہے ان میں کھلاڑیوں کی کارکردگی، ان کی فارم اور فٹنس کا معیار شامل ہے جب کہ ان کھلاڑیوں کو بھی ترجیح دی گئی ہے جن میں ٹیلنٹ ہے اور وہ پاکستان کے لیے مستقبل قریب میں اہم کھلاڑی ثابت ہو سکتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام کیٹگریز میں کھلاڑیوں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق نئے کانٹریکٹس میں تمام کیٹگریز میں کرکٹرز کی ماہانہ تنخواہ میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

ٹیسٹ میچ کی فیس میں بھی 25 فیصد اضافہ جب کہ ون ڈے میچ کی فیس کو دس فیصد بڑھایا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ٹیم مینجر معین خان کا کہنا ہے لوگو لگانے کی فیس 15 فیصد بڑھانے کے علاوہ انفرادی کارکردگی پر ملنے والی انعامی رقوم میں بھی خاصا اضافہ کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں