پاکستانیوں کے لیے برازیل کے ویزے کی پابندی ختم

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان میں بنائے گئے ’برازوکا‘ نامی فٹبال برازیل میں جاری عالمی کپ میں استعمال ہوں گے

پاکستان میں برازیل کے سفیر الفریڈو لیونی نے کہا ہے کہ تقریباً پانچ سو پاکستانی فٹ بال کا عالمی کپ دیکھنے کے لیے برازیل جاسکیں گے۔

اسلام آباد میں جمعرات کو برازیل کے سفارت خانے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تقریباً دو سو پاکستانیوں کو ویزے جاری کر دیے ہیں جبکہ دیگر پاکستانی فٹ بال شائقین دنیا کے مختلف حصوں سے برازیل کا رخ کریں گے۔

پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق برازیلی سفیر کا کہنا تھا: ’ہم نے پاکستانیوں کے لیے برازیل کا ویزے حاصل کرنے کے لیے سو فیصد رعایت دے رکھی ہے تاکہ پاکستانی شائقین فٹبال کے اس عالمی میلے سے لطف اندوز ہو سکیں۔‘

الفریڈو لیونی نے پاکستانی فٹبالوں کی تعریف کی جنھیں برازیل میں ہونے والے اس عالمی کپ میں استعمال کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی عالمی فٹبال رینکنگ 164 ہونے کے باوجود اس نے فٹبال بنانے میں تمام ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور انھیں فخر ہے کہ وہ اس ملک کے سفیر ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کو یہ کنٹریکٹ اس وقت ملا جب چینی سپلائر ایڈیڈس فٹبالوں کی طلب کو پورا کرنے میں ناکام رہا۔

اگرچہ پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم عالمی کپ میں شرکت نہیں کرے گی تاہم پاکستان میں بنائے گئے ’برازوکا‘ نامی فٹبال برازیل میں جاری عالمی کپ میں استعمال ہوں گے۔

اسی بارے میں