ورلڈکپ 2014:میکسیکو نے کیمرون کو ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption یہ پہلا موقع ہے کہ میکسیکو نے ورلڈ کپ میں کسی افریقی ٹیم کو شکست دی ہے

برازیل میں کھیلے جا رہے فٹ بال کے 20ویں عالمی کپ کے دوسرے دن پہلے میچ میں میکسیکو نے کیمرون کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی ہے۔

گروپ اے کے اس میچ کا واحد گول پرلاتا نے کیا۔

کیمرون اور میکسیکو کے درمیان مقابلہ انتہائی جارحانہ انداز میں شروع ہوا اور میکسیکن کھلاڑیوں نے مخالف گول پر تابڑ توڑ حملے کیے۔

تاہم ان حملوں میں انھیں کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔

میکسیکو کی اس ابتدائی کوشش کے جواب میں کیمرون کے کھلاڑی خصوصاً سیموئل ایٹو جوش میں آئے اور جوابی حملے کیے۔

پہلے ہاف میں ایک موقع پر پانچ منٹ میں کیمرون کے کھلاڑیوں کو چار ایسے مواقع ملے جب وہ گول کر سکتے تھے لیکن وہ ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

پہلے ہی ہاف میں میکسیکو نے دو اور گول بھی کیے لیکن ریفری نے انھیں قبول نہیں کیا اور ہاف کے اختتام پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔

دوسرے ہاف میں پرلاتا نے 69ویں منٹ میں گول کر کے میکسیکو کو برتری دلوائی جو میچ کے اختتام تک قائم رہی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ میکسیکو نے ورلڈ کپ میں کسی افریقی ٹیم کو شکست دی ہے جبکہ کیمرون کے خلاف یہ میکسیکو کی دوسری فتح ہے۔

اس سے قبل ان دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ سنہ 1993 میں لاس اینجلس میں کھیلا گیا تھا جسے میکسیکو نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا تھا۔

اسی بارے میں