بارش سے متاثرہ میچ میں بھارت کی آسان جیت

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption میر پور میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت کے بلے باز امباتی رایڈو نے 16 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے

بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔

بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 273 رنز کا ہدف دیا۔

بھارت کی جانب سے رابن اتھپا اور اجنکیا رہانے نے اچھی شروعات کی لیکن جب بھارت کا سکور 99 رنز تھا تو بارش آ گئی اور میچ تقریبا تین گھنٹوں کے لیے متاثر ہوا۔

پھر دک ورتھ لوئس کے ضابطے کو اپناتے ہوئے نیا ہدف 26 اوورز میں 150 رنز رکھا گیا جسے بھارت نے تین وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

بھارت کی جانب سے رہانے نے 64 اور اتھپّا نے 50 رنز بنائے جبکہ رینا نے 15 اور رایڈو نے 16 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن ان کا فیصلہ زیادہ سود مند ثابت نہیں ہوا کیونکہ شروع میں ہی تمیم اقبال بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے اور پھر اس کے بعد مومن الحق بھی صرف چھ رنز ہی بنا سکے۔ پہلا دونوں وکٹ امیش یادو نے لیا۔

اس میچ میں بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان مشفق الرحیم نے 59 اور شکیب الحسن نے 52 رنز بنائے جبکہ بھارت کی جانب سے امیش یادو نے تین اور اپنا پہلا میچ کھیلنے والے پرویز رسول نے دو وکٹز لیے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Other
Image caption بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ فیصلہ کیا اور نصف سنچری بنائی

اس سیریز میں بھارت کے نامور کھلاڑی شامل نہیں ہیں اور کپتانی کی ذمہ داری سریش رینا پر ہے۔

اس میچ کی خاص بات یہ ہے کہ بھارت کی جانب سے دو کھلاڑی اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔

کشمیر سے تعلق رکھنے والے پرویز رسول اور کنگس الیون پنجاب کے لیے کھیلنے والے اکشر پٹیل کو اس میچ میں موقع دیا گیا ہے۔

پرویز رسول کو اس سے قبل زمبابوے کی سیریز میں بھی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن انھیں میچ کھیلنے کا موقع نہ مل سکا تھا۔

پرویز رسول نے امین الحق کو آوٹ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کی جبکہ انھوں نے بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم کا بھی وکٹ لیا۔

بنگلہ دیش ٹیم: تمیم اقبال، انعام الحق، مومن الحق، مشفق الرحیم (کپتان)، شکیب الحسن، محمود اللہ، ناصر حسین، ضیاء الرحمان، مشرفے مرتضی، عبدالرزاق، اور الامین حسین

بھارتی ٹیم: اجنکیا رہانے، رابن اتھپا، چیتیشور پجارا، سریش رینا، امبتی رایڈو، ردھمان ساہا، اکشر پٹیل، پرویز رسول، امیت مشرا، امیش یادو اور موہت شرما

اسی بارے میں