ورلڈکپ 2014 کے آج کھیلے جانے والے میچ

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption آج تک آپس میں کھیلے گئے دس میچوں میں سپین سے جیت نہ سکنے والی ٹیم چلی کا دارومدار انھی کھلاڑیوں پر ہوگا جنھوں نے آسٹریلیا کے خلاف ان کو فتح دلوائی

برازیل میں کھیلے جانے والے فٹبال ورلڈ کپ میں آج کھیلے جانے والے میچوں میں ہالینڈ کا سامنا آسٹریلیا سے ہو گا، سپین چلی سے ٹکرائے گا جبکہ کیمرون کا مقابلہ کروئیشیا سے ہوگا۔

ورلڈکپ کی اب تک کی سب سے مضبوط ٹیم ہالینڈ ہے جنھوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں ورلڈ چیمپیئن سپین کا شیرازہ بکھیر دیا تھا۔

ہالینڈ کی ٹیم میں کسی قسم کا ردوبدل متوقع نہیں۔ ڈچ ٹیم نو میچوں میں دس گول کرنے والے روبن وین پرسی اور ارجن روبن پر انحصار کرے گی۔

ادھر آسٹریلیا کی ٹیم کو ٹم کیہل سے امیدییں وابستہ ہوں گی۔ ویسے تو ہالینڈ کے سپین کو دن میں تارے دکھانے کے بعد آسٹریلیا کا اس میچ میں کوئی چانس نظر نہیں آتا لیکن کوسٹا ریکا کا یوراگوئے کے خلاف اپ سیٹ کرنے کے بعد کسی بھی ٹیم کے بارے میں حقیقتاً کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

سپین کی ہالینڈ کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کے بعد ان کے مینیجر اس میچ میں ایتھلیٹکو میڈرڈ کی طرف سے کھیلنے والے مڈ فیلڈر زوئنفران کو کھلا سکتے ہیں جبکہ مارٹینیز کو بھی موقع دیا جا سکتا ہے۔

سپین کے مینیجر کی کوشش یہی ہوگی کہ ہالینڈ کے خلاف ہونے والی غلطیاں نہ دہرائی جائیں ورنہ سپین کو اپنا بوریا بستر لپیٹنا ہو گا۔

دوسری طرف آج تک آپس میں کھیلے گئے دس میچوں میں سپین سے جیت نہ سکنے والی ٹیم چلی کا دارومدار انھی کھلاڑیوں پر ہوگا جنھوں نے آسٹریلیا کے خلاف ان کو فتح دلوائی۔ سپین کی حالیہ کارکردگی کے بعد ان کو یہ میچ جیتنا ہوگا جب چلی کی ٹیم ڈرا سے بھی خوش ہوگی۔

آج کے آخری مقابلے میں گروپ اے کے میچوں کا اختتام ہوگا جس میں کیمرون کروئیشیا کے مقابل کھیلے گا۔

کیمرون کو اس میچ میں اپنے سٹار سٹرائیکر سیمیئول ائیٹو کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا جس کی جگہ کوچ فرانسیسی کلب لورئینٹ کی طرف سے کھیلنے والے سٹرائیکر ونسینٹ ابوبکر کو موقع دے سکتے ہیں۔

کروئیشیا کے مارئیو منزوکچ کی بھی اس میچ میں واپسی ہوگی۔ کیمرون اور کروئیشیا کا یہ پہلا میچ ہوگا جبکہ کروئیشیا اس سے پہلے کسی بھی افریقی ٹیم کے خلاف کوئی میچ نہیں کھیلی۔

اسی بارے میں