مرلی دھرن آسٹریلیا کو ’سپن بولنگ‘ سکھائیں گے

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption مرلی دھرن ٹیسٹ میچوں میں 800 جب کہ ون ڈے میں 534 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں

آسٹریلیا نے سری لنکا کے معروف آف سپنر مرلی دھرن کو پاکستان کے خلاف رواں برس متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز کے لیے کوچنگ کنسلٹنٹ مقرر کر دیا ہے۔

مرلی دھرن اس سیریز کے دوران آسٹریلوی کھلاڑیوں کو’سپن کے گر‘ سکھائیں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز تین اکتوبر سے یکم نومبر تک کھیلی جائے گی جس میں دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ شامل ہے۔

42 سالہ مرلی دھرن بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔

ٹیسٹ میچوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد 800 ہے جب کہ ون ڈے میں وہ 534 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ وہ یہ نئی ذمہ داری نبھانے کے لیے بہت ہی پرجوش ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم بہت اچھی ہے اور انھیں یقین ہے کہ ان کا تجربہ آسٹریلوی ٹیم کے کام آئے گا اور اس کے سپنرز متحدہ عرب امارت کے موسمی حالات کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

مرلی دھرن کے مطابق ان کے پاس کچھ ’گر ‘موجود ہیں جو وہ آسٹریلوی سپنرز کو سکھانا چاہیں گے، وہ متحدہ عرب امارات میں کافی ون ڈے کھیل چکے ہیں لہذا انھیں وہاں کی کنڈیشنز کا بخوبی اندازہ ہے۔

واضح رہے کہ مرلی دھرن نے متحدہ عرب امارات میں 82 ون ڈے وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ پاکستانی آف سپنر سعید اجمل دنیا کے بہترین بلے بازوں کے لیے خطرناک ثابت ہوئے ہیں لہٰذا وہ آسٹریلوی بلے بازوںں کو ان کا توڑ کرنے کے لیے مفید مشورے دے سکیں گے۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیرن لیمین کا کہنا ہے کہ مرلی دھرن عظیم کرکٹر ہیں اور ان کی موجودگی سے نہ صرف آسٹریلوی سپنروں کو فائدہ ہوگا بلکہ ان کا تجربہ بلے بازوں کے کام بھی آئے گاجنہیں پاکستان کے خطرناک سپنروں کا مقابلہ کرنا ہے۔

مرلی دھرن باضابطہ طور پر ستمبر میں اپنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے تاہم آسٹریلوی آف سپنر نیتھن لائن گذشتہ دنوں کولمبو میں موجود تھے اور مرلی دھرن نے انھیں کیرم بال پر عبور حاصل کرنے کے گر سکھائے۔

یہ وہی کیرم بال ہے جس پر عبور حاصل کر کے سری لنکن بولر اجنتھا مینڈس نے بین الاقوامی کرکٹ میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

اسی بارے میں