برازیل کے کھلاڑیوں کا راز اور دعائیں بھی کام نہ آئیں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ٹیم کو خفیہ طریقے سے آپس میں بات کرنے کو کہا گیا ہے

برازیل کے کھلاڑیوں کا راز

میزبان برازیل کے کھلاڑیوں اور کوچ نے اپنے کھیل کی حکمت عملی دوسروں سے چھپائے رکھنے کی ایک منفرد ترکیب بنائی ہے۔

ایک دوسرے سے بات کرتے وقت اب وہ اپنے منہ کو ہاتھ سے ڈھانپ لیتے ہیں تاکہ کوئی ان کے ہونٹوں کو پڑھ نہ سکے۔ میچوں کو لائیو یعنی براہ راست نشر کیا جاتا ہے اور کھلاڑیوں کی ہر حرکت پر کیمرے کی نظر رہتی ہے۔

ٹیم کو خفیہ طریقے سے آپس میں بات کرنے کو کہا گیا ہے کیونکہ ایسی رپورٹ ہیں کہ دوسری ٹیمیں برازیل کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے لپ موومنٹ یعنی لبوں کے زیرو بم کو پڑھنے والے ماہرین کی خدمات لے رہی ہیں۔

ایسے میں نہ صرف برازیل کے کھلاڑی احتیاط سے کام لے رہے ہیں بلکہ کوچ لوئی فلپ سكولاري اور ان کے سپورٹ سٹاف بھی ایک دوسرے سے آنکھوں ہی آنکھوں میں باتیں کر رہے ہیں۔

جیگر کی نیک خواہشات لیکن۔ ۔ ۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جیگر نےاس بار برازیل سمیت جس بھی ٹیم کو سپورٹ کیا تھا، وہ بری طرح فلاپ رہی تھی

معروف گلوکار مک جیگر کی نیک خواہشات انگلش ٹیم کے لیے ایک بار پھر خوش بختی کا باعث نہیں بن سکیں۔ اٹلی کے خلاف پہلے میچ میں جیگر نے انگلش ٹیم کو جیت کی دعا دی تھی اور ٹیم ہار گئی تھی۔

یوروگوئے کے خلاف کھیلے جانے والے میچ سے پہلے بھی جیگر نے ٹیم کی جیت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تاہم ٹیم ایک بار پھر ہار گئی اور اب وہ عالمی کپ سے باہر ہونے کے دہانے پر کھڑی ہے۔

اس میچ سے پہلے جیگر نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا: آگے بڑھو انگلینڈ! اس میچ کو جیتنا ہے۔ سنہ 2010 میں جیگر اپنے بیٹے لوكاس کے ساتھ کئی میچوں کے دوران سٹیڈیم میں موجود تھے۔ جیگر نےاس بار برازیل سمیت جس بھی ٹیم کو سپورٹ کیا تھا، وہ بری طرح فلاپ رہی تھی۔

جس دن انگلینڈ کی ٹیم یوروگوے کے ساتھ کھیلی، اس دن جیگر اپنے بینڈ کے ساتھ جرمنی میں تھے، لیکن ان کے بیٹے لوكاس ساؤ پالو سٹیڈیم میں اپنی ماں لوسيانا گیمینیز کے ساتھ موجود تھے۔ لوكاس جہاں انگلینڈ کی جرسی میں تھے، وہیں ان کی ٹی وی پریزنٹر نے برازيلین ٹیم کی شرٹ کے اوپر چیلسی کا کوٹ پہن رکھا تھا۔

انگلینڈ کی شکست کے بعد برازیل کے پرستار جیگر اور ان کے اہل خانہ سے کسی قسم کی نیک خواہشات کے خواہش مند نہیں ہیں۔

خوبصورت صحافی کی دھوم

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption میکسیکو اور برازیل کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران وینیسا انٹرنیٹ پر چھائی رہیں

عام طور پر فٹبالرو کی بیویاں، محبوبائیں اور گرل فرینڈز عالمی کپ کے بیوٹی سیکشن کی شہ سرخیوں میں رہتی ہیں لیکن اس بار میڈیا کی خوبصورت خواتین بھی سرخیاں بن رہی ہیں۔

میکسیکو کی نیلی آنکھوں اور سنہرے بالوں والی صحافی وینیسا ہیپنكوٹن برازیل میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

منگل کے روز میکسیکو اور برازیل کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران وینیسا انٹرنیٹ پر چھائی رہیں۔ فورٹالیزا سٹیڈیم کی ان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

عالمی کپ کی کوریج کرنے کے لیے برازیل آنے والی وینیسا سٹیڈیم میں تو فٹ بال پر سنجیدہ باتیں کرتی ہیں لیکن ساحل پر بکنی پہن کر دوسرے مسائل پر بھی معلومات فراہم کرتی ہیں۔ انھیں ٹوئٹر پر اپنی تصاویر پوسٹ کرنا پسند ہے۔ ساتھ ہی وہ یہ بتانا بھی نہیں بھولتیں کہ وہ میکسیکو میں ایک ریئلٹی ڈانس شو جیت چکی ہیں۔

اسی بارے میں