ورلڈ کپ 2014: میکسیکو اگلے راؤنڈ میں، کروئیشیا باہر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کھیل کے 82ویں منٹ میں ہاویئر ہرنینڈز نے گول کر کے میکسیکو کی فتح یقینی بنا دی

فٹبال ورلڈ کپ کےگروپ اے میں میکسیکو کروئیشیا کو اہم میچ میں دوگول سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں پہنچنے میں کامیاب رہا ہے۔

میکسیکو کو دوسرے مرحلے میں رسائی کے لیے صرف ایک پوائنٹ درکار تھا لیکن فتح کی صورت میں اسے تین پوائنٹس مل گئے۔

کروئیشیا اس میچ میں ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا ہے۔

رسیفے میں پیر کو کھیلے جانے والے اس میچ میں کروئیشیا نے میچ کے آغاز میں بہتر کھیل کا مظاہرہ اورگیند پر کنٹرول کے ساتھ ساتھ میکسیکو کے گول پر کئی حملے بھی کیے۔

تاہم کروئیشیا کے فارورڈز ’ناقص فنشنگ‘ کی وجہ سے مڈ فیلڈ کے اچھے کھیل سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

پہلے ہاف کے ابتدائی 15 منٹ کے بعد میکسیکو کی ٹیم کھیل میں واپس آئی تو تین منٹ میں دو اچھے جوابی حملے کیے۔

پہلے تو میچ کے 16ویں منٹ میں میکسیکو کے ہریرا کی ڈی کے باہر سے لگائی گئی کک کروئیشیا کےگول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آگئی اور تین منٹ بعد ہریرا نے ہی گول کیپر کی کمزور طرف اچھا پاس دیا لیکن اس سے پہلے کہ پیرالتا اسے گول میں پہنچاتے ان کا پیر پھسل گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption آندریس گورڈاڈو نے میکسیکو کے لیے دوسرا گول کیا

پہلے ہاف کے اختتام پر میچ بغیر کسی گول کے برابر تھا اور دونوں ٹیموں نے اس ہاف میں گول کرنے کے کم از کم دو، دو مواقع ضائع کیے۔

دوسرے ہاف میں میکسیکو نے زیادہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا جس کا نتیجہ کپتان رافیل مارکیز کے گول کی شکل میں برآمد ہوا۔

مارکیز نے 72ویں منٹ میں کارنر پر ہیڈ لگا کر گیند کروئیشیا کے گول میں پہنچائی۔

اس گول نے میکسیکو کی ٹیم میں ایک نئی جان بھر دی اور صرف تین منٹ بعد آندریس گورڈاڈو نے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری دوگنی کر دی۔

کھیل کے 82ویں منٹ میں ہاویئر ہرنینڈز نے گول کر کے میکسیکو کی فتح یقینی بنا دی۔

کروئیشیا کی جانب سے 87ویں منٹ میں ایوان پیرسچ نے گول کر کے میکسیکو کی برتری کم کر دی۔

اس کے دو منٹ بعد ریفری نے ریبچ کو فاؤل پر سرخ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر بھیج دیا اور کروئیشین ٹیم بقیہ چند منٹ دس کھلاڑیوں سے کھیلی۔

میکسیکو کے گول کیپر اوچوا نے اس میچ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں اب تک واحد کیپر ہیں جس کے خلاف گول نہیں ہوا ہے۔

دوسرے راؤنڈ میں میکسیکو کا مقابلہ گروپ بی میں سرفہرست رہنے والی ہالینڈ کی ٹیم سے ہوگا جس نے اس ورلڈ کپ میں اپنی شاندار کارکردگی سے خود کو اس ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل کروا لیا ہے۔

اسی بارے میں