لیڈز:معین کی سنچری رائیگاں، سری لنکا فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

لیڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری دن سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 100 رنز سے شکست دے کر دو میچوں پر مشتمل سیریز ایک صفر سے جیت لی۔

سری لنکا نے یہ فتح آخری دن کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

آخری وکٹ کے لیے انگلش بلے باز معین علی نے جیمز اینڈرسن کے ساتھ 16 اوورز تک سری لنکن بولرز کا مقابلہ کیا تاہم 55 گیندیں کھیل کر کوئی بھی رن نہ بنانے والے اینڈرسن میچ کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

معین علی 108 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ان کی تمام تر کوشش کے باوجود انگلینڈ یہ میچ برابر نہیں کر سکا۔

سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں دھمیکا پرساد نے پانچ اور رنگانا ہیرات نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں 457 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس نے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے350 رنز کا ہدف دیا تھا۔

سری لنکا کی دوسری اننگز کی خاص بات اینجلو میتھیوز کی شاندار بیٹنگ تھی۔

انھوں نے 25 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 160 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

سری لنکا کے دوسرے نمایاں بلے باز سنگا کارا رہے، انھوں نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں لیام پلنکٹ نے چار اور اینڈرسن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 365 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں سیم روبسن نے 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 127 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے پہلی اننگز میں شمندہ ایرنگا اور اینجلو میتھیوز نے چار چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسی بارے میں