فٹ بال ورلڈ کپ: پہلے مرحلے پر ایک نظر

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption پہلا راؤنڈ نصف ٹیموں کے لیے مسرت کا پیغام لایا جب کہ آدھی ٹیمیں اپنے گھروں کو روانہ ہو گئیں

برازیل میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں پہلا دور ختم ہونے کے بعد آج آرام کا دن ہے اور دوسرے مرحلے کا آغاز کل سے ہو گا۔

دنیا بھر کی 32 ٹیموں میں سے 16 نے آٹھ مختلف گروپوں میں سخت جدوجہد کے بعد دوسرے مرحلے یعنی ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل تھیں۔

جمعرات کو گروپ جی سے جرمنی اور امریکہ نے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی جبکہ جمعرات کو ہی گروپ ایچ سے بیلجیئم اور الجزائر کی ٹیمیں آخری 16 ٹیموں میں پہنچ گئیں۔

اس سے پہلے گروپ اے سے میزبان برازیل اور میکسیکو نے پہلے دور کی رکاوٹ پار کی۔

گروپ بی سے نیدرلینڈز اور چلی کی ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں پہنچیں، جب کہ اس گروپ میں گذشتہ چیمپئن سپین کا ہارنا سب کے لیے حیرت کا باعث بن گیا۔ تاہم اپنے پہلے دو میچ ہارنے کے بعد سپین کی ٹیم جاتے جاتے آسٹریلیا کو ہرا گئی۔

ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک سپین کو پہلے ہی میچ میں نیدرلینڈز میں ایک کے مقابلے پر پانچ گولوں سے ہرا کر سب کو انگشت بدنداں کر دیا۔ پھر چلی کے ہاتھوں 2-0 سے شکست کے ساتھ ہی طے ہو گیا کہ گذشتہ بار کی چیمپئین کے آگے بڑھنے کے راستے بند ہو چکے ہیں۔

گروپ سی میں کولمبیا نے جلوہ دکھاتے ہوئے تینوں میچ جیت کر شان سے اگلے دور میں جگہ بنائی۔ لیکن اسی گروپ میں یونان اور آئیوری کوسٹ کے لیے مشکل صورتحال تھی۔

آخرکار یونان نے آئیوری کوسٹ کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری 16 میں جگہ بنا لی۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption گروپ ایف میں دو بار کی چیمپئن ارجنٹائن نے لیونل میسی کے شاندار کھیل کی بدولت تینوں میچ جیت کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی ہے

گروپ ڈی کو ’گروپ آف ڈیتھ‘ سمجھا جا رہا تھا۔ اس گروپ میں شامل انگلینڈ کی ٹیم ایک بھی میچ نہیں جیت سکی اور آخری مقام پر رہ کر شرمناک طریقے سے عالمی کپ سے باہر ہو گئی۔

1958 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم دوسرے دور میں نہیں پہنچ پائی۔

تاہم اسی گروپ سے ایک اور بڑی ٹیم بھی رخصت ہوئی، وہ اٹلی کی ٹیم تھی۔ گروپ ڈی سے کوسٹا ریکا اور یوروگوائے اگلے دور میں پہنچیں۔ کوسٹا ریکا کے کھیل نے ہر کسی کا دل بھی جیتا۔

گروپ ای میں کوئی غیرمتوقع نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ فرانس اور سوئٹزرلینڈ آسانی سے اگلے دور میں پہنچ گئے۔

گروپ ایف میں دو بار کی چیمپیئن ارجنٹائن نے لیونل میسی کے شاندار کھیل کی بدولت تینوں میچ جیت کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی ہے۔

نائجیریا نے گروپ میچوں کا راستہ پار کرتے ہوئے اگلے دور کا ٹکٹ کٹا لیا۔ گروپ جی سے جرمنی اور امریکہ اور گروپ ایف سے بیلجیئم اور امریکہ اگلے دور میں پہنچے۔

ہفتہ (28 جون) برازیل بمقابلہ چلی (پاکستانی وقت کے مطابق 21:00 بجے)

اتوار (29 جون) کولمبیا بمقابلہ یوراگوئے (پاکستانی وقت کے مطابق 1:00 بجے)

اتوار (29 جون) ہالینڈ بمقابلہ میکسیکو (پاکستانی وقت کے مطابق 21:00 بجے)

پیر (30 جون) کوسٹا ریکا بمقابلہ یونان (پاکستانی وقت کے مطابق 1:00 بجے)

پیر (30 جون) فرانس بمقابلہ نائیجیریا (پاکستانی وقت کے مطابق 21:00 بجے)

منگل (1 جولائی) جرمنی بمقابلہ الجزائر (پاکستانی وقت کے مطابق 1:00 بجے)

منگل (1 جولائی) ارجنٹائن بمقابلہ سوئٹزرلینڈ (پاکستانی وقت کے مطابق 21:00 بجے)

بدھ (2 جولائی) بیلجیئم بمقابلہ امریکہ (پاکستانی وقت کے مطابق 1:00 بجے)

ان میچوں کے بعد یہ فیصلہ ہو جائے گا کہ کون سی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچتی ہیں اور کون سی گھر کا رخ کرتی ہیں۔

اسی بارے میں