گول کیپر کی آنکھوں میں شعاعیں ڈالی گئیں: روسی کوچ

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption روس نے دو ورلڈ کپوں میں سات میچوں میں سے صرف ایک جیتا ہے

روس کی فٹبال ٹیم کے کوچ فابیو کپیلو کا کہنا ہے کہ الجزائر کے خلاف میچ کے دوران گول کیپر ایگور آکن فیف کی آنکھوں میں لیزر شعاعیں ڈالی گئی تھیں جس کے باعث گول ہوا۔

ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہرے رنگ کی لیزر آکن فیف کی آنکھوں میں ڈالی گئی اور اس کے چند سیکنڈ بعد ہی الجزائر کے اسلام سلیمانی نے گول کر کے سکور برابر کر دیا۔

روس کو اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کے لیے الجزائر کو شکست دینا لازمی تھا۔ فابیو کا کہنا ہے کہ ’گول کیپر کے چہرے پر لیزر کی شعاعیں ڈالی گئیں جس کے باعث گول ہوا۔ یہ کوئی بہانہ نہیں ہے۔ آپ فوٹیج میں دیکھ سکتے ہیں۔‘

فابیو نے میچ کے بعد فیفا حکام کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔ روس نے دو ورلڈ کپوں میں اپنے سات میچوں میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے۔

فابیو سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ مستعفی ہونے کا سوچ رہے ہیں تو ان کا جواب تھا ’اگر روس چاہتا ہے کہ میں کوچ رہوں تو میں رہوں گا۔‘

اسی بارے میں