کولمبیا نے یوروگوائے کو گھر بھیج دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جیمز روڈریگز نے میچ میں دو گول کیے

کولمبیا نے یوروگوائے کو 2۔ 0 سے ہرا کر کواٹرفائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں اس کا مقابلہ برازیل سے ہوگا جو چلی کو ہرا کر پہلے ہی کواٹرفائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔

برازیل نے کواٹرفائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

کہیں خوشی کہیں غم، تصاویر

یوروگوائے نے میچ کے پہلے ہاف کے ابتدائی پندرہ منٹوں میں کولمبیا سے بہتر کھیل پیش کیا لیکن کولمبیا کے سٹرائیکر جیمز روڈریگیز کے انتہائی شاندار گول نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور کولمبیا کی ٹیم پورے میچ کے دوران کھیل پر چھائی رہی۔ جمیز روڈریگیز نے میچ کے دوسرے ہاف میں گول کر کے ٹیم کی برتری دگنی کر دی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔

جمیز روڈریگز کے پہلےگول کا موازنہ روبن وین پرسی اور آسٹریلوی کے ہل کےگولوں سے کیا جا رہا ہے۔ جیمز روڈریگیز نے جس طرح پاس کو چھاتی پر وصول کر کے اسےگول میں پہنایا وہ ایک شاندار منظر تھا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں یوروگوائے نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں۔ تجربہ کار کھلاڑی ڈیاگو فورلان کو واپس بلا کر کرسٹین سٹونی کو میدان میں اتارا لیکن وہ بھی ٹیم کے لیے کچھ نہ کر سکے۔

جیمز روڈرگیز نے رواں ورلڈکپ کے چار میچوں میں گول کیے ہیں۔ ان سے پہلے 2002 میں برازیل کے رونالڈ اور ریوالڈو نے ایسا کیا تھا۔

پہلے ہاف میں بال پر زیادہ کنٹرول کولمبیا کا تھا اور انہوں نے یوروگوائے کے گول پر سات حملے کیے جن میں سے تین آن ٹارگٹ تھے۔

لوئس سواریز پر پابندی کےبعد یوروگوائے کی ٹیم عام سی ٹیم بن کر رہ گئی ہے۔ ایڈیسن کوانی بھی ان توقعات پر پورا نہیں اترے جن کی ان سے امید کی جا رہی تھی۔

انگلینڈ کے سابق فٹبالر کرس ویڈل کا کہنا تھا کہ ’یوروگوائے کو لوئس سواریس کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔ سواریز کی موجودگی سے بہت فرق پڑتا ہے۔ وہ کھیلتے ہیں تو دفاعی کھلاڑیوں کو پتہ ہوتا ہے کہ ان کا مقابلہ ایک ایسے کھلاڑی سے ہے جو آسانی سے میچ جیت سکتا ہے۔‘

کولمبیا کی اس ورلڈ کپ میں ابھی تک کوئی میچ نہیں ہارا اور اس نے اپنے تینوں گروپ میچ جیتے اور کل نو گول کیے ہیں۔

لوئس سواریز اس اہم میچ میں نہیں کھیل رہے لیکن شائقین نے ان کے ماسک اٹھا رکھے تھے۔

فٹبال کے عالمی ادارے فیفا نے یوروگوائے کے مشہور کھلاڑی لوئس سواریز کو اطالوی کھلاڑی کو کاٹنے پر 9 انٹرنیشنل میچوں کی پابندی، جرمانے اور چار ماہ تک فٹبال سرگرمیوں سے دور رہنے کی سزا سنائی ہے جو ایک ریکارڈ سزا ہے۔