فٹبال ورلڈ کپ: فرانس آٹھ برس بعد کوارٹر فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے کو ملا

برازیل میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں فرانس نے نائجیریا کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

فرانس 2006 کے بعد پہلی مرتبہ اس مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے جہاں اس کا مقابلہ جرمنی اور الجزائر کے میچ کے فاتح سے ہوگا۔

ورلڈ کپ پر خصوصی ضمیمہ

برازیلیا میں پیر کو کھیلے جانے والے میچ کے لیے فرانس کی ٹیم میں چھ جبکہ نائجیریا کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی۔

پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے کو ملا اور فرانسیسی اور نائجیریا کے فارورڈز نے مخالف گول پر کئی اچھے حملے کیے۔

20ویں منٹ میں نائجیریا کے امینوئل امینیک گول کرنے میں کامیاب رہے لیکن ان کی یہ کوشش ریفری نے انھیں آف سائیڈ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔

اس کے بعد بھی دونوں ٹیموں کی کئی اچھی کوششیں گول میں تبدیل نہ ہو سکیں اور پہلے ہاف کے اختتام پر میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پال پوگبا ایک اچھے ہیڈر کی مدد سے گیند نائجیرین گول میں پہنچانے میں کامیاب رہے

دوسرے ہاف کے آغاز میں نائجیریا کے ٹیم نے فرانسیسی ٹیم کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جس میں وہ وقتی طور پر کامیاب بھی ہوئے۔

تاہم جلد ہی فرانسیسی ٹیم سنبھل گئی اور اس نے جوابی حملے شروع کر دیے جن کے سامنے نائجیریا کا دفاع مشکل میں دکھائی دیا۔

اس دوران نائجیرین گول کیپر نے کئی یقینی گول بچائے لیکن فرانسیسی ٹیم کی کوششیں 79ویں منٹ میں اس وقت رنگ لائیں جب ایک کارنر پر پال پوگبا ایک اچھے ہیڈر کی مدد سے گیند نائجیرین گول میں پہنچانے میں کامیاب رہے۔

برتری حاصل کرنے کے باوجود فرانسیسی ٹیم نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور اضافی وقت میں 91ویں منٹ کے دوران اپنی برتری دوگنی کر لی۔

یہ گول نائجیریا کے جوزف یوبو کا ’اون گول‘ تھا اور فرانس کے گریزمین کی کک ان سے ٹکرا کر نائجیریا کے گول میں گئی۔

فرانس کی دو گول کی برتری میچ کے اختتام تک قائم رہی اور یوں فرانس ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار کسی افریقی ملک کی ٹیم کو ہرانے میں کامیاب رہا۔

اسی بارے میں