ہوزے موہیکا کی فیفا پر تنقید

یوروگوائے کے صدر ہوزے موہیکا نے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے لوئس سواریس کو چار ماہ کی پابندی کی سزا سنانے پر گالی دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوئس سواریس کو دی گئی سزا فسطائیت پر مبنی پابندی ہے۔
واضح رہے کہ فیفا نے یوروگوائے کے مشہور کھلاڑی لوئس سواریس کو اطالوی کھلاڑی کو کاٹنے پر نو انٹرنیشنل میچوں کی پابندی، جرمانے اور چار ماہ تک فٹبال سرگرمیوں سے دور رہنے کی سزا سنائی ہے جو ایک ریکارڈ سزا ہے۔
ہوزے موہیکا نے یہ بیان یوروگوائے کی ٹیم کے اعزاز میں دیے جانے والی ایک استقبالیہ تقریب میں سرکاری ٹی وی کو دیا۔
یوروگوائے کے صدر نے یہ بیان دے کر اپنے منہ پر ہاتھ رکھ لیا تاہم جب صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ آیا وہ اپنے بیان کی تصیح کرنا چاہتے ہیں تو انھوں نے صحافیوں سے کہا کہ وہ ان کے بیان کو شائع کریں۔
اس سے پہلے ہوزے موہیکا نے کہا تھا کہ فیفا نے لوئس سواریس کو اس لیے سزا دی کیونکہ ان کا تعلق امیر خاندان سے نہیں تھا۔
یوروگوائے کے صدر نے فیفا کے فیصلے کو اپنے ہفت روزہ ریڈیو خطاب کے دوران تنقید کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب یوروگوائے کی فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ وہ فیفا کے فیصلے کے خلاف اپیل کرے گی۔