سنسنی خیز مقابلے کے بعد بیلجیئم کی امریکہ پر فتح

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بیلجیئم اور امریکہ کے مابین انتہائی دلچسپ اور سخت مقابلہ ہوا

2014 کے فٹبال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں امریکہ کو سخت مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرانے کے بعد بیلجیئم کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی آٹھویں اور آخری ٹیم بن گئی ہے۔

سیلواڈور میں کھیلے جانے والے میچ میں بیلجیئم کی ٹیم حاوی رہی اور اس نے دونوں ہاف میں امریکی گول پر کم از کم دس حملے کیے تاہم تجربہ کار امریکی گول کیپر ٹم ہاورڈ ہمیشہ ان کی راہ میں حائل رہے۔

مقابلہ مقررہ وقت میں بغیر کسی گول کے برابر رہا اور میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا۔

اضافی وقت کے پہلے ہاف کے تیسرے منٹ میں بیلجیئم کے کیون ڈی برائنے آخرِ کار امریکی گول کیپر کو چکمہ دے کر گول کرنے میں کامیاب رہے۔

برتری حاصل کرنے کے بعد بیلجیئن فارورڈز کے حملوں میں مزید تیزی آئی اور 105ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی لوکاکو نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری دوگنی کر دی۔

اضافی وقت کے پہلے ہاف کے خاتمے پر لگ رہا تھا کہ امریکہ کے لیے میچ میں واپس آنا انتہائی مشکل ثابت ہوگا لیکن دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی امریکہ کے جولین گرین نے گول کر کے میچ میں پھر جان ڈال دی۔

امریکی ٹیم نے میچ برابر کرنے کی کئی اچھی کوششیں کی لیکن کامیاب نہ ہو سکی۔

بیلجیئم کی دوگول کی یہ برتری میچ کے آخر تک قائم رہی اور وہ ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption تجربہ کار امریکی کیپر ٹم ہاورڈ نے اس میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا

یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں دوسرا موقع ہے کہ بیلجیئم نے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔

آخری مرتبہ بیلجیئن ٹیم 1986 میں اس مرحلے تک پہنچی تھی اور اُس ورلڈ کپ میں اس کا سفر سیمی فائنل میں ختم ہوا تھا۔

2014 کے ورلڈ کپ میں بیلجیئم کی ٹیم کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کا مقابلہ کرے گی جس نے دوسرے راؤنڈ میں سوئٹزرلینڈ کو شکست دی ہے۔

بیلجیئم کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی اس ورلڈ کپ کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور اب اس ورلڈ کپ میں باقی رہ جانے والی ٹیموں میں یورپ سے ہالینڈ، بیلجیئم، جرمنی اور فرانس اور جنوبی امریکہ سے کوسٹاریکا، ارجنٹائن، برازیل اور کولمبیا شامل ہیں۔

ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل چار اور پانچ جولائی کو کھیلے جائیں گے اور جمعے کو پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس اور جرمنی کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میں میزبان برازیل کی ٹیم کولمبیا کے خلاف میدان میں اترے گی۔

سنیچر کو سیمی فائنل میں پہنچنے والے بقیہ دو ٹیموں کا فیصلہ ارجنٹائن اور بیلجیئم اور ہالینڈ اور کوسٹاریکا کے مابین میچوں میں ہوگا۔

اسی بارے میں