بین سٹوکس کی انگلینڈ ٹیم میں واپسی

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اگلے ہفتے بھارت کے خلاف شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے 13 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

اس سکواڈ میں ڈرہم کاؤنٹی کی طرف سے کھیلنے والے آل راؤنڈر بین سٹوکس کو بھی شامل کیاگیا ہے۔

سٹوکس ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والی سیریز میں لاکر کو مکا مار کر زخمی کرنے کی وجہ سے پچھلی سیریز نہیں کھیل پائے تھے۔

گزشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ایشز سیریز میں سٹوکس نے 120 رن بنائے تھے۔ یہ سیریز انگلینڈ پانچ صفر سے ہار گیا تھا۔ اس سیریز میں سٹوکس نے 15 وکٹیں بھی لی تھیں۔ سٹوکس نے مئی میں سسیکس کے خلاف ہونے والے میں میں دس وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

انگلش سیلیکٹر جیمز وِٹیکر کا کہنا ہے کہ’ سٹوکس کی واپسی خوش آئند ہے اور ہم سب کو معلوم ہے کہ وہ کس قدر باصلاحیت ہیں۔ ہمیں ٹیم میں فاسٹ بولرز چاہیے اور ان کی ٹیم میں شمولیت ہمیں اس محکمہ میں مضبوط کرے گی۔‘

انگلینڈ کو گزشتہ ماہ سری لنکا کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوئی تھی۔

انگلینڈ گزشتہ آٹھ ٹیسٹ میچوں میں ایک میں بھی کامیابی حاصل نہیں کرسکا ہے۔

وِٹیکر کہتے ہیں کہ یہ بہت مایوس کن صورتحال ہے کہ وہ اتنا اچھا کھیل کر بھی جیت نہیں پا رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک نئی ٹیم تشکیل دے رہے ہیں اور اس کے لیے نئی عادتیں بھی بنانا ہونگی۔

وِٹیکر نے کہا ’ہمیں صرف پہلی جیت چاہیے اور اس جیت کے بعد ایک سلسلہ شروع ہوجائے گا۔‘

انگلش کپتان الیسٹر کک کو کپتانی سے ہٹانے کے مطالبے کے حوالے سے کہا کہ بطور سلیکٹر وہ الیسٹر کک پر سو فیصد بھروسہ رکھتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ انگلش ٹیم کو بہت جلد فتح سے ہمکنار کریں گے۔

اسی بارے میں