شکیرا ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب میں

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption شکیرا نے 2010 کے ورلڈ کپ کا سرکاری گانا واکا واکا بھی گایا تھا

کولمبیا سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ شکیرا برازیل میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔

یہ اختتامی تقریب 13 جولائی کو ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا سٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے فائنل سے قبل منعقد ہوگی اور شکیرا وہاں ’لا لا لا‘ (برازیل 2014) گائیں گی۔

یہ لگاتار تیسرا موقع ہے کہ شکیرا ورلڈ کپ مقابلوں کی اختتامی تقریب میں جلوہ گر ہوں گی۔ اس سے قبل وہ 2010 میں جنوبی افریقہ اور 2006 میں جرمنی میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔

انھوں نے 2010 کے ورلڈ کپ کا سرکاری گانا واکا واکا بھی گایا تھا جو ٹورنامنٹ کی تاریخ کا مقبول ترین گانا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شکیرا سپین کی قومی فٹبال ٹیم کے رکن جیرارڈ پیکے کی گرل فرینڈ ہیں

37 سالہ شکیرا کا کہنا ہے کہ وہ یہ موقع ملنے پر بہت ’پرجوش‘ ہیں۔

انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’شائقین نے اس گانے کو بہت پسند کیا ہے اور میں اس پر پرفارمنس دینے کے لیے بےچین ہوں۔‘

شکیرا کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میرا فٹبال سے بہت قریبی تعلق ہے اور میں جانتی ہوں کہ ورلڈ کپ مجھ سمیت بہت سے لوگوں کے لیے کیا معنی رکھتا ہے؟‘

خیال رہے کہ ’ہپس ڈون لائی‘ اور ’شی وولف‘ جیسے مشہور گانے پیش کرنے والی شکیرا سپین کی قومی فٹبال ٹیم کے رکن جیرارڈ پیکے کی گرل فرینڈ ہیں جن سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔

ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب میں شکیرا کے علاوہ کارلوس سنتانا اور ہپ ہاپ گلوکار وائیکلف جین بھی موجود ہوں گے۔

اسی بارے میں