آفریدی کو جرمنی، وقار یونس کو ہالینڈ پسند

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس بار تقریباً تمام ہی ٹیمیں ہم پلہ ہیں ۔۔۔ ہر کوچ نے اپنی ٹیم پر سخت محنت کی ہے: وقاریونس

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ فٹبال میں اپنی پسندیدہ ٹیم تبدیل کردی ہے اور اب وہ جرمنی کی حمایت کرنے لگے ہیں۔

ورلڈ کپ کے آغاز پر شاہد آفریدی کی فیورٹ ٹیم کرستیانو رونالڈو کی پرتگال تھی لیکن وہ عالمی کپ کے گروپ مرحلے سے ہی باہر ہوگئی۔

شاہد آفریدی سے ایک تقریب کے دوران پوچھا گیا کہ کونسی ٹیم ورلڈ کپ جیتے گی تو وہ ہنستے ہوئے بولے: ’میری ٹیم تو باہر ہوگئی ہے میرا خیال ہے اس وقت جرمنی کی کارکردگی اچھی رہی ہے لہٰذا اب میں جرمنی کو سپورٹ کر رہا ہوں۔‘

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقاریونس ہالینڈ کو ورلڈ کپ میں کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں: ’ہالینڈ کی ٹیم مجھے پسند ہے، میرے ایک دو پسندیدہ کھلاڑی بھی اس میں شامل ہیں میں چاہوں گا کہ ہالینڈ ورلڈ کپ جیتے۔‘

وقاریونس کے خیال میں اس بار ورلڈ کپ میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا ہے:

’اس بار تقریباً تمام ہی ٹیمیں ہم پلہ ہیں اور بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتری ہیں۔ ہر کوچ نے اپنی ٹیم پر سخت محنت کی ہے اور ان کی منصوبہ بندی میدان میں نظر بھی آ رہی ہے، لہٰذا فاتح ٹیم کے بارے میں پیش گوئی کرنا آسان نہیں ہے۔‘

پاکستانی کرکٹر ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے بارے میں ملی جلی رائے رکھتے ہیں۔

یونس خان ارجنٹائن کو ورلڈ کپ میں کامیاب ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ اسد شفیق اور شان مسعود کی فیورٹ ٹیم جرمنی ہے جبکہ فواد عالم اور وہاب ریاض برازیلین ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

اسی بارے میں