برازیل 12 برس بعد ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption برازیلی کپتان کا اس ورلڈ کپ میں یہ پہلا گول تھا

برازیل نے فٹبال کے 20ویں ورلڈ کپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں کولمبیا کو ایک کے مقابلے میں دوگول سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

برازیلی ٹیم 12 برس کے وقفے کے بعد سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس نے آخری سیمی فائنل 2002 کے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا۔

فٹبال کا 20واں عالمی میلہ: خصوصی ضمیمہ

فورٹالیزا میں جمعے کی شب کھیلے جانے والے کوارٹر میچ میں برازیل کی ٹیم نے اس کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی توقع میدان میں موجود ہزاروں مداحوں کو اس سے تھی۔

اس ٹورنامنٹ میں برازیل کی کارکردگی پر انگلیاں اٹھائی جا رہی تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ وہ ایک ٹیم کی طرح کھیلنے کی بجائے صرف اپنے سٹار سٹرائیکر نیمار پر بھروسہ کر رہی ہے۔

تاہم اس میچ میں آغاز سے ہی برازیل نے مخالف گول پر حملے شروع کر دیے جس کا نتیجہ ساتویں منٹ میں نیمار کی کوشش سے ملنے والے کارنر کی شکل میں نکلا۔

اس کارنر پر نیمار کی کک پر کپتان تیاگو سلوا نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption رادریگز چھ گولوں کے ساتھ اس ورلڈ کپ کے ٹاپ سکورر ہیں

برتری حاصل کرنے کے بعد بھی برازیل کا جارحانہ کھیل جاری رہا اور اس نے کولمبین گول پر متعدد اچھے حملے کیے۔

کولمبیا کے گول کیپر اوسپینا کے عمدہ کھیل کی وجہ سے برازیل پہلے ہاف میں مزید کوئی گول نہ کر سکا۔

کولمبیا کو اس ہاف میں گول کرنے کے دو اچھے مواقع ملے مگر ان سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا۔

66ویں منٹ میں کولمبیا کے نے گیند برازیلی گول میں پہنچا دی لیکن لائن مین پہلے ہی کولمبین کھلاڑی کو آف سائیڈ قرار دے چکے تھے اور یوں یہ گول مسترد کر دیا گیا۔

کولمبیا کے اس حملے کے جواب میں برازیلی موو پر مخالف کھلاڑی کو گرانے پر کولمبیا کے جیمز رادریگز کو پیلا کارڈ ملا اور اس فاؤل پر ملنے والی فری کک پر 68 ویں منٹ ڈیوڈ لوئیز نے گول کر کے برازیل کی برتری دگنی کر دی۔

میچ کے 77ویں منٹ میں برازیل کیپر ژولیو سیزر نے کولمبین کھلاڑی کو برازیلی ڈی میں گرایا تو ریفری نے کولمبیا کو پنلٹی دی جس پر گول کر کے جیمز رادریگز نے خسارہ کم کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ڈیوڈ لوئیز نے برازیل کی جانب سے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی

اس گول کے ساتھ ہی رادریگز ورلڈ کپ کے لگاتار پانچ میچوں میں گول کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ ان سے قبل 2002 کے ورلڈ کپ میں برازیل کے ریوالڈو نے یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

رادریگز اب چھ گولوں کے ساتھ اس ورلڈ کپ کے ٹاپ سکورر ہیں۔ ان کے گول کے بعد کولمبیا کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی کوششیں تیز کر دیں تاہم وہ ان میں کامیاب نہ ہو سکے اور فتح برازیل کے حصے میں آئی۔

دوسرے ہاف میں برازیلی کپتان تیاگو سلوا کو ریفری نے کیپر کو گرانے پر پیلا کارڈ بھی دکھایا اور اب وہ سیمی فائنل کھیلنے والی برازیلی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

اس فتح کے نتیجے میں اب آٹھ جولائی کو سیمی فائنل میں برازیل کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا جس نے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس کو ایک گول سے ہرایا۔

اسی بارے میں