لارڈز: ایم سی سی الیون کی سات وکٹوں سے کامیابی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ایرون فنچ نے 23 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 181 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے

ایرون فنچ کی شاندار سنچری اور سعید اجمل کی عمدہ بولنگ کی بدولت ایم سی سی الیون نے ریسٹ آف ورلڈ الیون کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

ایم سی سی الیون نے 294 رنز کا ہدف صرف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

ایم سی سی الیون کی جانب سے ایرون فنچ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 181 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ایم سی سی الیون کے دوسرے نمایاں بلے باز سابق بھارتی بلے باز سچن تندولکر رہے، انھوں نے سات چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔

ریسٹ آف ورلڈ الیون کی جانب سے پال کالنگ ووڈ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

لارڈز میں کھیلے جانے والے اس میچ میں شین وارن کی قیادت میں ریسٹ آف دی ورلڈ الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر293 رنز بنائے۔

ریسٹ آف دی ورلڈ الیون کی جانب سے بھارتی کھلاڑی یوراج سنگھ نے آٹھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 132 جبکہ انگلینڈ کے سابق کھلاڑی پال کالنگ ووڈ نے تین چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔

ریسٹ آف دی ورلڈ الیون کی جانب سے وریندر سہواگ اور ایڈم گلکرسٹ نے اپنی ٹیم کو 54 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

اس موقع پر پاکستانی بولر سعید اجمل نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین اوورز میں گلکرسٹ، تمیم اقبال، کیون پیٹرسن اور شاہد آفریدی کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔

ایک موقع پر صرف 68 رنز کے مجموعی سکور پر ریسٹ آف دی ورلڈ الیون کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی تاہم پھر یوراج سنگھ اور پال کالنگ وڈ نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا۔

یوراج سنگھ نے پال کالنگ ووڈ کے ساتھ مل کر 131 رنز کی شراکت قائم کی۔

ایم سی سی الیون کی جانب سے پاکستانی بولر سعید اجمل نے چار اور سابق آسٹریلوی بولر بریٹ لی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

لارڈز کی 200 ویں سالگرہ کے موقع پر ایم سی سی الیون اور ریسٹ آف دی ورلڈ الیون کے درمیان کھیلے گئے میچ میں دنیا کے سابق اور موجودہ سٹارز نے شرکت کی۔

اس میچ میں سچن ٹنڈولکر، برائن لارا، ایڈم گلکرسٹ، راہول ڈراوڈ اور بریٹ لی سمیت کئی سٹارز نے شرکت کی۔

اسی بارے میں