فٹبال ڈائری

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption یوروگوئے کے سٹرائکر سواریس کے دانت کاٹنے پر سماجی رابطے کی سائٹوں پر زبردست ہلچل رہی تھی اور لوگوں نے انھیں بہت سے کردار کے مترادف قرار دیا تھا

فٹبال کے ایک پرستار نے اٹلی کے دفاعی کھلاڑی چیلینی کے کندھے پر یوروگوئے کے سٹرائکر لوئس سواریس کے دانت کے نشان کا ٹیٹو بنوایا ہے۔

یاد رہے کہ فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے دور میں یوروگوئے کے کھلاڑی نے اٹلی کو شکست تو دی لیکن اس دوران انتہائی متنازع حرکت بھی کی گئی۔

بہر حال اس فٹبال کے پرستار نے اس واقعے کو اپنے جسم پر کندہ کرا کے یادگار بنا دیا ہے۔ اپنے کندھے پر چار دانتوں کے لال نشان کے نیچے اس فٹبال فین نے یہ لکھوایا ہے ’یہاں سواریس تھے‘۔

دانت کاٹنے کے عمل کی وجہ سے فٹبال کے عالمی ادارے فیفا نے سواریس پر نو ميچوں اور چار ماہ تک کے لیے فٹبال کھیلنے کی پابندی لگا دی ہے لیکن ان کے دانتوں کے نشان ہیں کہ مٹنے کو تیار نہیں۔

یوروگوئے کے سٹرائکر سواریس کے دانت کاٹنے پر سماجی رابطے کی سائٹوں پر زبردست ہلچل رہی تھی اور لوگوں نے انھیں بہت سے کردار کے مترادف قرار دیا تھا

نشے میں ڈرائونگ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption برازیل میں فٹبال دیکھنے کے دوران تو دورجام چلتے ہی رہے بعض لوگ اسی کے زیر اثر گاڑیاں چلاتے پکڑے گئے

برازیل کے شہر ساؤ پالو میں فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے دن 12 جون سے لے کر سنیچر پانچ جولائی تک ہر پانچ میں سے ایک ڈرائیور نشے کی حالت میں گاڑی چلاتا ہوا پکڑا گیا ہے۔

یہ اطلاعات ساؤ پالو کی مقامی پولیس نے دی ہے۔

مقامی پولیس نے اس دوران 2888 ڈرائیوروں کا مے نوشی کا ٹیسٹ لیا۔ ان میں سے 200 نے جانچ کرانے سے انکار کردیا جبکہ برازیل کے ٹرافک ضابطے 165 کے تحت 591 افراد پر جرمانہ لگایا گیا۔

برازیل کے اس ضابطے کے تحت اگر کسی کو شراب یا کسی نشہ آور چیز کے زیر اثر گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا جاتا ہے تو اسے 1000 امریکی ڈالر کا جرمانہ لگ سکتا ہے اور ایک سال کے لیے اس کا لائسنس منسوخ کیا جا سکتا ہے۔

کولمبیا کی امن کوششوں پر ورلڈ کپ کا سایہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کولمبیا فٹبال کی تاریخ میں پہلی بار اس مقام تک پہنچی تھی

فٹبال صرف کھیل نہیں ہے اس کے اثرات سیاست میں بھی نظر آتے ہیں۔

ورلڈ کپ سے کولمبیا کی رخصتی سے وہاں کی حکومت کی امیدوں کو بھی جھٹکا لگ سکتا ہے کیونکہ وہ اس کے ذریعے بائیں بازو کے باغیوں کو جنگل سے نکلنے کا لالچ دے رہی تھی۔

واضح رہے کہ کولمبیائي وزارت دفاع ملک میں کئی دہائیوں سے جاری شورش کو ختم کرنے کے لیے کولمبیا کی حریت پسند مسلح فورس (فارک) اور نیشنل لبریشن آرمی دونوں کو اپنے ٹھکانوں سے نکل کر ٹیم کی کامیابی میں شامل ہونے کے لیے ٹی وی اور ریڈیو پر اشتہار دے رہا تھا۔

اشتہار میں کہا گیا تھا: ’چھاپہ مار جنگجوؤ! آپ دنیا کے سب سے بڑے منظر سے کیسے محروم رہ سکتے ہیں؟ کولمبیا آپ کے لیے ایک سیٹ مخصوص کررہا ہے تاکہ دنیا میں فٹبال کے سب بڑے جشن کا آپ بھی آزادی کے ساتھ لطف لے سکیں۔‘

اب جبکہ کولمبیا ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہے تو بعض لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ باغی اپنے ٹھکانوں سے نکلنے سے انکار کردیں۔

گھانا کی ٹیم کے معاملے پر فلم

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption گھانا کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے میدان پر دلکش نظارہ پیش کیا

ہرچند کہ گھانا کی ٹیم نے ورلڈ کپ میں اپنے کھیل سے سب کو متاثر کیا لیکن وہ کئی غلط وجوہات کے سبب بھی سرخیوں میں رہی۔

مثلا کھلاڑیوں نے کوچ سے جھگڑا کیا، دو کھلاڑیوں کو ميچ سے قبل ہی برازیل سے ملک واپس بھیج دیا گیا اور گھانا کے صدر نے کھلاڑیوں کے لیے جو رقم بھیجی تھی اسے برازیل کے حکام نے ضبط کر لیا۔

اب گھانا کے ان تمام معاملات پر ہالی وڈ ایک فلم بنانے کو تیار ہے۔

ہالی وڈ ڈائرکٹر ڈیرل وھارٹن رگبی کی مبینہ کہانی میں ’ایک شخص کو ایک افریقی فٹبال ٹیم کے لیے 30 لاکھ ڈالر پہنچانے کی ذمہ داری دی گئی ہے کیونکہ ٹیم نے اس کی ادائیگی کے بغیر کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ چیزیں اس وقت ہاتھ سے نکل جاتی ہیں جب رقم لوٹ لی جاتی ہے۔‘

اسی بارے میں