پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان، یونس کی ون ڈے میں واپسی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سینی‏ئر بیٹسمین یونس خان نے ایک سال بعد دوبارہ ون ڈے ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ وہ آخری بار گذشتہ سال مارچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے کھیلے تھے

سری لنکا کے دورے کے لیے پاکستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

یونس خان ایک بار پھر ون ڈے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں، محمد حفیظ کو ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بولر عمرگل سلیکٹروں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

معین خان کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے جس 15 رکنی ٹیسٹ ٹیم کو حتمی شکل دی ہے اس میں محمد حفیظ شامل نہیں ہیں۔ انھوں نے اسی سال سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے دو میچ کھیلے تھے جس میں انھوں نے ایک نصف سنچری سکور کی تھی۔

سلیکٹروں نے عمراکمل کو تین سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں دوبارہ موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ آخری بار ستمبر 2011 میں زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلے تھے۔

سینی‏ئر بیٹسمین یونس خان نے ایک سال بعد دوبارہ ون ڈے ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ وہ آخری بار گذشتہ سال مارچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے کھیلے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں جس سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا ہے اس میں یونس خان کو صرف اسی وجہ سے بی کیٹگری دی گئی تھی کہ وہ ون ڈے نہیں کھیلتے، تاہم بعد میں انھیں اے کیٹگری دے دی گئی اور یہ کہا گیا کہ ان کا ون ڈے کریئر ختم نہیں ہوا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستانی ٹیم آئندہ ماہ سری لنکا کے دورے میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی

یونس خان نے 253 ون ڈے انٹرنیشنل میں چھ سنچریوں اور 48 نصف سنچریوں کی مدد سے 7014 رنز بنائے ہیں، تاہم انھوں نے ون ڈے میں آخری سنچری نومبر 2008 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ابوظہبی میں سکور کی تھی۔

پاکستان کی 15 رکنی ٹیسٹ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

مصباح الحق (کپتان)، احمد شہزاد، شان مسعود، خرم منظور، اظہر علی، یونس خان، اسد شفیق، عمراکمل، سرفراز احمد، سعید اجمل، عبدالرحمٰن، محمد طلحہ، جنید خان، راحت علی اور وہاب ریاض۔

پاکستان کی 15 رکنی ون ڈے ٹیم میں یہ کھلاڑی شامل ہیں:

مصباح الحق (کپتان)، احمد شہزاد، شرجیل خان، محمد حفیظ، یونس خان، عمراکمل، فواد عالم، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، انورعلی، سعید اجمل، جنید خان، محمد طلحہ، وہاب ریاض اور ذوالفقار بابر۔

پاکستانی ٹیم آئندہ ماہ سری لنکا کے دورے میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔

پہلا ٹیسٹ چھ سے دس اگست تک گال میں کھیلا جائے گا۔ کولمبو میں دوسرا ٹیسٹ 14 سے 18 اگست تک ہوگا۔

پہلاون ڈے 23 اگست کو ہمبنٹوٹا میں دوسرا ون ڈے 27 اگست کو کولمبو میں اور تیسرا ون ڈے 30 اگست کو دمبولا میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں