برازیل کے شائقین ہماری حمایت کریں: جرمنی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ہم سب برازیل کے شائقین سے حمایت کی امید کر رہے ہیں: جرمن کھلاڑی

جرمنی نے اتوار کو کھیلے جانے والے عالمی فٹبال کپ کے فائنل کے موقعے پر برازیل کے فٹبال شائقین سے حمایت کی اپیل کی ہے۔ جرمنی کو فائنل میں برازیل کے روایتی حریف ارجنٹائن کا سامنا ہے۔

جرمنی نے سیمی فائنل میں برازیل کو 7-1 کی شرمناک شکست سے دوچار کیا تھا، لیکن جرمن کوچ یوآخیم لوو نے برازیل کے فٹبال شائقین کے ردِ عمل کی تعریف کی تھی۔

جرمنی کے 26 سالہ دفاعی کھلاڑی بینیڈکٹ ہوویڈس نے کہا کہ ’ہم سب برازیل کے شائقین سے حمایت کی امید کر رہے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ جس طرح برازیل کے شائقین نے ہماری جیت پر جشن منایا، یہ بہت ہی اچھا پیغام تھا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’تمام راستے پر برازیل کے شہری ہمارے لیے تالیاں بجا کر ہماری حوصلہ افزائی کر رہے تھے۔‘

ریو ڈی جنیرو میں اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے تقریباً 77 ہزار تماشائیوں کی آمد متوقع ہے۔

ارجنٹائن تیسری دفعہ عالمی کپ جیتنے کی کوشش میں ہے جبکہ جرمنی چوتھی بار عالمی فٹبال چیمپیئن بننے کا متمنی ہے۔

ہوویڈس نے کہا: ’ہمیں معلوم ہے کہ ہمیں فیورٹ سمجھا جا رہا ہے۔ لیکن ہماری ٹیم اتنی سمجھ دار ہے کہ وہ اس قسم کی باتوں کی وجہ بھٹکنے والی نہیں۔‘

اسی بارے میں