ہمبنٹوٹا: جنوبی افریقہ نے میچ اور سیریز جیت لی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انھوں نے 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 108 رنز بنائے

ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو ایک سے جیت لی ہے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 340 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 44.3 اوورز میں 257 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

سری لنکا کی جانب سے اینجلو میتھیوز نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 اور کوشل پریرا نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔

ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ سنگاکارا نے 36 اور دلشان نے 30 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے میکلارن نے تین، مورنی مورکل اور جے پی ڈومنی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کی خاص بات کوئنٹن ڈی کاک اور اے بی ڈویلیئرز کی شاندار سنچریاں تھیں۔

کوئنٹن ڈی کاک نے 12 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 128 جبکہ اے بی ڈویلیئرز نے 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 108 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے مینڈس اور ہیرات نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسی بارے میں