’دنیا کو بتاؤ کہ تم میسی سے بھی بہتر ہو‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جب آپ ایسا گول سکور کرتے ہیں پھر آپ کو پتہ نہیں چلتا کہ آپ کے گرد کیا ہو رہا ہے: گوتسے

جرمنی کے کوچ یوآخیم لوو نے ورلڈ کپ کے فائنل میں فیصلہ کن گول کرنے والے ماریو گوتسے کے بارے میں کہا ہے کہ وہ ایک’معجزاتی لڑکا‘ ہے اور اس کو متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اتارتے وقت میں نے اسے کہا تھا کہ ’دنیا کو بتاؤ کہ تم میسی سے بہتر کھلاڑی ہو۔‘

22 سالہ ماریو گوتسے 88ویں منٹ میں 36 سالہ میروسلاف کلوزے کی جگہ میدان میں اترے اور میچ کے پنلٹی ککس پر جانے سے صرف سات منٹ پہلے گول کر کے جرمنی کو چوتھی بار ورلڈ چیمپیئن بنا دیا۔

ماریو گوتسے نے بتایا کہ فیصلہ کن گول کرنے کے بعد عجیب کیفیت تھی: ’جب آپ ایسا گول سکور کرتے ہیں پھر آپ کو پتہ نہیں چلتا کہ آپ کے گرد کیا ہو رہا ہے۔‘

گوتسے 2014 کے ورلڈ کپ کے ابتدائی میچوں میں ٹیم کے ساتھ میدان میں اترتے تھے اور کلوزے متبادل کھلاڑی کے طور پر آتے تھے۔ لیکن سیمی فائنل اور فائنل میں کلوزے ابتدائی ٹیم کے ساتھ میدان میں اترے۔

بائرن میونخ کلب کے لیے کھیلنے والے گوتسے نے آندرے شرل کے کراس کو سینے پر روک کر شاندار گول کیا۔

یوآخیم لوو نے کہا کہ ماریو ایک ’ونڈر بوائے‘ ہے اور وہ مختلف پوزیشنوں پر کھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جرمنی کے کوچ کا کہنا تھا کہ یہ فتح اس دس سالہ منصوبے کا نتیجہ ہے جو 2004 میں جرمنی کے یورپی چیمپئین شپ کے ابتدائی مرحلے سے باہر ہونے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جرمنی کی فتح دس سالہ منصوبے کا نتیجہ ہے: جرمن کوچ

54 سالہ لوو 2006 میں جرمنی کے کوچ مقرر ہوئے تھے۔

جرمنی پچھلے چار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہا ہے۔ 2010 کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں اس نے ارجنٹائن کی ٹیم کو چار صفر سے ہرایا تھا لیکن سیمی فائنل میں سپین سے ہار گیا تھا۔ سپین نے فائنل میں ہالینڈ کو ہرا کر پہلی بار ورلڈ چیمپیئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

جرمنی نے پچھلی بار 1990 میں بھی اس وقت کےدفاعی چیمپیئن ارجنٹائن کو ہرا کر ورلڈ کپ جیتا تھا۔

اسی بارے میں