’گولڈن بال ایوارڈ میسی کا نہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ

ارجنٹائن کے مشہور زمانہ فٹبال ہیرو ڈیاگو میراڈونا کا کہنا ہے کہ ان کے پسندیدہ کھلاڑی لیونیل میسی عالمی کپ کے ’گولڈن بال‘ ایوارڈ کے حقدار نہیں تھے۔

یاد رہے کہ اتوار کو عالمی کپ کے اختتام پر 27 سالہ میسی کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

میراڈونا کے بقول: ’میں میسی پر زمین و آسمان نچھاور کر سکتا ہوں، لیکن جب کاروباری دنیا کے لوگ چاہتے ہیں کہ میسی کو وہ ایوارڈ دے دیا جائے جس کے وہ حقدار نہیں ہے تو میرے نزدیک یہ بات غلط ہے۔‘

یاد رہے کہ گروپ میچوں میں میراڈونا کی طرح 10 نمبر کی شرٹ پہننے والے لیونیل میسی چارگول کرنے میں کامیاب رہے لیکن ناک آؤٹ مرحلے میں وہ کوئی گول نہیں سکے۔

سوئٹزرلینڈ کے خلاف فتح میں میسی نے اہم کردار ادا کیا تھا جس کی بدولت ارجنٹائن عالمی کپ کی آخری 16 ٹیموں میں شامل ہو گیا، لیکن اس کے بعد ہالینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں میسی مشکل کا شکار نظر آئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جب سنہ 1986 میں ارجنٹائن نے عالمی کپ جیتا تھا تو میراڈونا ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے تھے

اسی طرح جرمنی کے خلاف فائنل میچ میں اگرچہ میسی مخالف ٹیم کے لیے کبھی کبھی خطرہ بنتے رہے لیکن انھوں نے اپنی ٹیم کو برتری دلانے کا ایک موقع ضائع کر دیا۔

ایوارڈ کے بعد میراڈونا کا مزید کہنا تھا: ’ مجھے نظر آ رہا تھا کہ جب میسی کو ایوارڈ لینے کے لیے بُلایا گیا تو وہ سٹیج پر نہیں جانا چاہ رہے تھے۔‘

یاد رہے کہ عالمی کپ کے دوران ڈیاگو میراڈونا ایک ٹی وی چینل پر اپنا خصوصی پروگرام پیش کرتے رہے ہیں۔ عالمی کپ کے فائنل میں ارجنٹائن کی شکست کے بعد اپنے پروگرام میں میراڈونا کا کہنا تھا کہ ’گولڈن بال‘ ایوارڈ کے اصل حقدار کولمبیا کے ہامیس رودریگس تھے کیونکہ برازیل میں ان کا کھیل سب سے اچھا تھا۔

تاہم میراڈونا نے جرمنی کے خلاف اپنی قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھیں فخر ہے کہ ارجنٹائن اتنا اچھا کھیلا: ’اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم نے بھی اپنا پرچم بلند رکھا۔

’جرمنی ارجنٹائن کی دفاعی لائن میں غلط فہمی کی وجہ سے جیت گیا لیکن میچ کے دوران ایسا کوئی وقت نہیں آیا کہ جب جرمنی ہم سے بہتر کھیلا ہو۔ جرمنی کے کھلاڑیوں نے ہماری ٹیم کی عزت کی، اور یہ عزت ہمارے لڑکوں نے خود میدان میں کمائی ہے۔‘

یاد رہے کہ میراڈونا خود ارجنٹائن کے قومی کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

اسی بارے میں