سوشل میڈیا پر ورلڈ کپ فائنل کی ہلچل

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں ماریوگوتسے نے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول کیا

فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں جرمنی کی فتح کے باوجود سیمی فائنل میں برازیل کی عبرت ناک شکست کے بارے میں ٹوئٹر پر زیادہ باتیں کی گئیں۔

بعض دلچسپ حقائق:

ٹوئٹر کے مطابق ارجنٹائن اور جرمنی کے درمیان ہونے والے فائنل مقابلے کے درمیان تین کروڑ 21 لاکھ ٹویٹس کی گئیں۔ اس سے قبل جرمنی اور برازیل کے درمیان ہونے والے میچ کے بارے میں تین کروڑ 56 لاکھ ٹویٹس کی گئی تھیں، جس نے سوشل میڈیا کا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔

جرمنی نے ورلڈ کپ کی جیت کا جشن اپنے سرکاری سوشل میڈیا کے صفحے پر بھی منایا۔ اس میں جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے ساتھ تصویر نشر کی گئی جسے چند ہی گھنٹوں میں فیس بک اور انسٹاگرام پر ڈھائی لاکھ بار پسند کیا گيا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Other
Image caption فائنل میں ٹرینڈنگ کے اعداد و شمار کیا کہتے ہیں

ٹیم جرمنی نے ٹویٹ کیا: ’ہم نے کر دکھایا، ہم ورلڈ کپ 2014 کےفاتح ہیں۔‘ اس دوران سب سے زیادہ استعمال ہونے والا ہیش ٹیگ ’جرمنی عالمی چیمپیئن ہے،‘ تھا جسے 24 گھنٹے کے دوران دس لاکھ بار استعمال کیا گيا۔

کھلاڑیوں نے بھی اپنے جذبات کے اظہار کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا۔ جرمنی کے مڈ فیلڈر مسعود اوزل نے ٹویٹ کیا: ’کبھی کسی کو یہ کہنے کا موقع نہ دو کہ تم یہ نہیں کر سکتے۔ اپنے خوابوں میں یقین رکھو۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Other
Image caption جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل فائنل دیکھنے برازیل پہنچی تھیں

اوزل نے گلوکارہ ریانا کا شکریہ ادا کیا جو جرمنی کی حمایت کر رہی تھیں۔ وہ فٹبال ورلڈ کپ کے دوران مسلسل ٹویٹ کرتی رہیں اور انھوں نے میراکانا سٹیڈیم میں جشن مناتے ہوئے اپنی تصویر بھی نشر کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Other
Image caption برطانیہ کے فٹبالر ڈیوڈ بیکم اپنے بچوں کے ساتھ ارجنٹائن کی حمایت کر رہے تھے

برطانیہ کے فٹبالر ڈیوڈ بیکم بھی ٹرینڈ کر رہے تھے، یعنی ان کے بارے میں باتیں ہو رہی تھیں۔ جب انھوں نے اپنے تینوں بیٹوں کی ارجنٹائن کی جرسی میں تصویر نشر کی تو اس کے بعد سے ان پر زیادہ بحث ہونے لگی۔ بیکم کو تقریباً 30 ہزار بار ٹویٹ کیا گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Other
Image caption گلوکارہ ریانا نے جرمنی کی کھل کر حمایت کی

واضح رہے کہ اس وقت دنیا میں دو پوپ ہیں، ایک سابقہ اور دوسرے حالیہ۔ ایک کا تعلق جرمنی سے اور دوسرے کا ارجنٹائن سے ہے، اس لیے ’پوپ بمقابلہ پوپ‘ بھی خوب ٹرینڈ کر رہا تھا۔

ارجنٹائن فائنل میں ناکام رہا تاہم اس کے مداح داد و تحسین پیش کرنے میں پیچھے نہیں تھے۔ ’ارجنٹائن ہیروز‘ اور ’ارجنٹائن برازیل 2014 کا چیمپیئن‘ نے بھی خاصی دیر تک ٹرینڈ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Other

اسی بارے میں