انگلینڈ فٹبال ٹیم کے کپتان ریٹائر ہو گئے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption 34 سالہ نے سٹیون گیراڈ نے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز سنہ 2000 میں یوکرین کے خلاف کیا

انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کپتان سٹیون گیراڈ اپنے ملک کی جانب سے 114 بین الاقوامی میچ کھیلنے کے بعد ریٹائرڈ ہو گئے ہیں۔

34 سالہ نے سٹیون گیراڈ نے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز سنہ 2000 میں یوکرین کے خلاف فتح سے کیا جبکہ انھوں نے اپنے کریئر کا آخری میچ برازیل میں ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ میں کوسٹا ریکا کے خلاف کھیلا جو بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

لیور پول کلب کے مِڈ فیلڈر گیراڈ کا کہنا تھا ’ میں نے اپنے ملک کی جانب سے کی جانے والی نمائندگی کے ہر لمحے کو انجوائے کیا تاہم یہ میرے لیے ایک اداس دن ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بہت زیادہ مشکل تھا اور اس کے لیے انھوں نے اپنے قریبی افراد سے مشورہ لیا۔

سٹیون گیراڈ نے اپنے کریئر میں 21 گول کیے اور فٹبال کے چھ بڑے ٹورنامنٹس میں حصہ لیا۔

دوسری جانب انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے مینیجر کا کہنا ہے کہ انھیں گیراڈ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے تاہم وہ ان کی صورتِ حال کو پوری سمجھ سکتے ہیں۔

سٹیون گیراڈ اپنے کلب لیور پول کی جانب سے کھیلتے رہیں گے۔

ان کا شمار انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھلینے والے کھلاڑیوں میں تیسرے نمبر پر ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ پیٹر شلٹن انگلینڈ کی جانب سے (125) جبکہ ڈیوڈ بیکھم (115) میچ کھیل چکے ہیں۔

سٹیون گیراڈ برازیل میں کھیلے جانے والے فٹبال کے عالمی کپ میں انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان تھے تاہم ان کی ٹیم پہلے راؤنڈ میں بغیر کوئی میچ جیتے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی۔

.

).

اسی بارے میں