گلاسگو: دولتِ مشترکہ کھیلوں کا رنگا رنگ آغاز

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ان کھیلوں کو دنیا بھر میں تقریبا ڈیڑھ ارب افراد ٹی وی پر براہِ راست دیکھیں گے

سکاٹ لینڈ کے شہرگلاسگو میں 20 ویں دولت مشترکہ کھیلوں کی افتتاحی تقریب سلٹک پارک میں ہوئی جس میں دو ہزار افراد نے حصہ لیا۔

اس پارک میں 100 میٹر لمبی، 11 میٹر اونچی اور 38 ٹن وزنی ایک بہت بڑی سکرین لگائی گئی۔

ان کھیلوں کو دنیا بھر میں تقریبا ڈیڑھ ارب افراد نے ٹی وی پر براہِ راست دیکھا۔

افتتاحی تقریب میں کھلاڑیوں کی پریڈ کے لیے خاص طور پر ایک سٹیج بنایا گیا۔

ان کھیلوں کی کامیابی کے لیے ہر ممکن کوششیں کی گئی ہیں۔

کھیل گاؤں میں فرنیچر اور دیگر آلات کو لندن کے اولمپک گاؤں سے لایا گیا۔

اس کمپلیکس پر سنہ 2009 میں کام شروع ہوا تھا جو اس سال جنوری میں اپنے طے وقت سے پہلے ہی مکمل ہو گیا۔

سٹار وار اداکار ایون میک گروکر کے پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغام کے ذریعے تقریب کا آغاز ہوا جس کے بعد گلاسکو کے مزاحیہ اداکار کیرن ڈنبر نے گیت پر پرفارم کیا۔

دولتِ مشترکہ کھیلوں میں پاکستان کا 62 رکنی دستہ آٹھ کھیلوں میں حصہ لے گا جن میں بیڈ منٹن، کشتی، نشانہ بازی، جمناسٹکس، باکسنگ، ویٹ لفٹنگ، ٹیبل ٹینس اور ایتھلیٹکس شامل ہیں۔

پاکستان نے اب تک دولتِ مشترکہ کھیلوں کے مقابلوں میں مجموعی طور پر 24 طلائی تمغے حاصل کیے ہیں جن میں سے 20 طلائی تمغے کشتی میں ملے ہیں۔

یہ کھیل تین اگست تک جاری رہیں گے اور اس دوران 71 ممالک کے 4,500 کھلاڑی اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔

20 ویں دولتِ مشترکہ کھیلوں کی اختتامی تقریب تین اگست کو ہیمپڈن پارک میں منعقد ہو گی۔

اسی بارے میں