کولمبو ٹیسٹ: سری لنکا کی برتری 323 رنز

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جنوبی افریقہ کو سری لنکا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 323 رنز کی ضرورت ہے اور پہلی اننگز میں اس کی سات وکٹیں باقی ہیں

کولمبو میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بنائے ہیں۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ہاشم آملہ اور اے بی ڈویلیئر کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 46 اور 11 رنز بنائے ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

جنوبی افریقہ کو سری لنکا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 323 رنز کی ضرورت ہے اور پہلی اننگز میں اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پیٹرسن اور ڈین ایلگر نے پہلی اننگز کا آغاز کیا۔

جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 71 رنز کے مجوعی سکور پر اس کے ابتدائی تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے لکمال، ہیرات اور پریرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل سری لنکا کی جانب سے مہیلا جے وردھنے اور نروشن ڈک والا نے 305 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

سری لنکا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 421 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سری لنکا کی اننگز کی خاص بات مہیلا جے وردھنے کی شاندار بیٹنگ تھی۔ انھوں نے 17 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 165 جبکہ

اینجلو میتھیوز نے چھ چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین، جے پی ڈومنی اور فلینڈر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جمعرات کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اسی بارے میں