ساؤتھ ہیمپٹن: انگلینڈ کا پلڑا بھاری

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption اس وقت کریز پر کپتان ماھندر سنگ دھونی اور محمد شامی موجود ہیں

ساؤتھ ہیمپٹن ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام تک بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں آٹھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 323 رنز بنائے ہیں۔

اس سے قبل میزبان ٹیم انگلینڈ نے پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 569 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔

اس وقت کریز پر کپتان ماھندر سنگ دھونی اور محمد شامی موجود ہیں اور دونوں نے بالترتیب 50 اور چار رنز بنائے ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور براڈ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

تیسرے روز کے آغاز پر بھارت نے ایک وکٹ کے نقصان پر 25 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ان کا کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔

بھارت کے بہترین بلے باز اجنیکیا رہانے تھے جنھوں نے 54 رنز بنائے۔ ماھندر سنگ دھونی ابھی 50 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کی خاص بات گیری بیلنس اور ایلسٹر کک کی عمدہ بیٹنگ تھی، دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 158 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے کمار نے تین، جدیجا نے دو جبکہ محمد شامی اور روہت شرما نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا جبکہ لارڈز ٹیسٹ میں بھارت نے انگلینڈ کو 95 رنز سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں