ساؤتھیمپٹن ٹیسٹ: بھارتی ٹیم مشکل میں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بھارت کو یہ میچ جیتنے کے لیے مزید 333 رنز کی ضرورت ہے اور دوسری اننگز میں اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں

ساؤتھیمپٹن ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر بھارت نے انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنائے ہیں۔

بھارت کو یہ میچ جیتنے کے لیے مزید 333 رنز کی ضرورت ہے اور دوسری اننگز میں اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

چوتھے دن کھیل کے اختتام پر اجنکارہانے اور روہت شرما موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 18 اور چھ رنز بنائے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بھارت کی جانب سے مرالی وجے اور شیکھر دھون نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

انگلینڈ کی طرح بھارت کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور صرف 80 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے تین ابتدائی کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں معین علی نے دو جبکہ جو روٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے انگلینڈ نے دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنا کر اپنی اننگز ڈکلئیر کر دی تھی۔

انگلینڈ کی جانب سے سام رابسن اور ایلسٹر کک نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 22 رنز کے مجموعی سکور پر رابسن 13 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔

بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں رویندر جڈیجا نے تین اور بھونیشور کمار نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل بھارت کی ٹیم پہلی اننگز میں 330 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

بھارت کی جانب سے مہندر سنگھ دھونی اور محمد شامی نے 323 رنز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

بھارت کی آخری دو وکٹیں مجموعی سکور میں صرف سات رنز کا اضافہ کر سکیں۔

بھارت کی جانب سے اجنیکیا رہانے نے 54 اور مہندر سنگھ دھونی نے 50 رنز بنائے۔

ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ دیگر بھارتی کھلاڑی انگلینڈ کی عمدہ بولنگ کا سامنا نہ کر سکے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے پانچ، سٹوارٹ براڈ نے تین جبکہ معین علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 569 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کی خاص بات گیری بیلنس اور ایلسٹر کک کی عمدہ بیٹنگ تھی۔ دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 158 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے کمار نے تین، جدیجا نے دو جبکہ محمد شامی اور روہت شرما نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا جبکہ لارڈز ٹیسٹ میں بھارت نے انگلینڈ کو 95 رنز سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں