گال ٹیسٹ: سری لنکا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سری لنکا نے 99 رنز کا مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا

گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

سری لنکا نے 99 رنز کا مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

سری لنکا کی جانب سے اوپل ترنگا اور مہیلا جے وردھنے نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

سری لنکا کو 28 رنز کے مجموعی سکور پر پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب اوپل تھرنگا 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں مہیلا جے وردھنے نے 26 اور سنگا کارا نے 21 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں جنید خان نے دو محمد طلحہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے میچ کے پانچویں روز پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 180 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں سرفراز احمد نے پانچ چوکوں کی مدد سے 52 اور اظہر علی نے چار چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔

ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ دیگر کھلاڑی سری لنکا کے بالروں کی تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ نہ کر سکے۔

سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں رنگانا ہیرات نے چھ اور دلرون پریران نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور سعید اجمل نے پانچویں دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

اس سے پہلے سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 533 رنز نو وکٹوں کے نقصان پر اپنی پہلی اننگز ڈکلئیر کر دی تھی۔

سری لنکا کی اننگز کی خاص بات کمار سنگا کارا کی شاندار بیٹنگ رہی۔ انھوں نے 24 چوکوں کی مدد سے 221 رنز بنائے۔

اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن چائے کے وقفے سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم 451 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے یونس خان نے 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 177 رنز جبکہ اسد شفیق نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے۔

بدھ کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اسی بارے میں