اوول: بھارتی بلے باز ایک بار پھر ناکام

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بھارتی کپتان دھونی نے 82 رن کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی

اوول میں پانچویں اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بھارت کو پہلی اننگز میں صرف 148 رن پر آؤٹ کرنے کے بعد انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 62 رنز بنا لیے۔

انگلینڈ کو بھارت کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 86 رنز درکار ہیں اور اس کی تمام وکٹیں باقی ہیں۔

ٹاس ہارنے کے بعد پہلے کھیلنے والی بھارتی اننگز چائے کے وقفے کے کچھ دیر بعد ہی ختم ہوگئی۔

بھارتی بلے بازوں میں ایک مرتبہ پھر کپتان مہندر سنگھ دھونی نے قدرے بہتر کارکردگی دکھائی اور آخری وکٹ کے لیے ایشانت شرما کے ساتھ ریکارڈ 58 رن کی شراکت قائم کی۔

بھارت کا ٹاپ آرڈر ایک مرتبہ پھر ناکام رہا اور اس کے ابتدائی پانچ بلے باز صرف 36 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان مہندر سنگھ دھونی کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر نہیں ٹک سکا۔ دھونی نے 82 رن کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور اور اس دوران 15 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

بھارتی اننگز میں صرف تین بلے بازوں کا سکور ہی دوہرے ہندسوں میں داخل ہو سکا۔

انگلینڈ کی طرف سے کرس اردن اور کرس ووكس نے تین تین وکٹ لیے جبکہ سٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بھارت کے مقابلے میں انگلش بلے بازوں نے بہتر کھیل دکھایا اور پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 62 رنز بنا لیے۔

جب کھیل ختم ہوا تو رابسن 33 اور کک 24 رنز پر کھیل رہے تھے۔

خیال رہے کہ اس ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کو پہلے ہی دو ایک سے برتری حاصل ہے اور بھارت کو سیریز برابر کرنے کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی ہے۔

اسی بارے میں