اوول ٹیسٹ پر انگلینڈ کی گرفت مضبوط

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کک نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور 79 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے

اوول میں پانچویں اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے بھارت پر پہلی اننگز میں 237 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔

دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے سات وکٹ پر 385 رنز بنائے تھے۔

انگلش اننگز کی خاص بات کپتان الیسٹر کک، اور جوائے روٹ کی عمدہ بلے بازی تھی۔

سنیچر کو انگلینڈ نے اپنے گزشتہ روز کے سکور 62 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور بھارت کو فورا ہی پہلی کامیابی ملی جب رابسن 37 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

تاہم اس کے بعد کک نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور 79 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ روٹ 92 رنز بنانے کے بعد اب بھی پچ پر موجود ہیں۔

ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ میزان نے 64 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے ایشانت شرما، آرون اور ایشون نے دو دو وکٹ لیے جبکہ بھونیشور کمار کو ایک وکٹ ملی۔

اوول ٹیسٹ میں انگلش فاسٹ بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت جمعے کو میچ کے پہلے دن بھارتی ٹیم صرف 148 رن کے سکور پر پویلین لوٹ گئی تھی۔

خیال رہے کہ اس ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کو پہلے ہی دو ایک سے برتری حاصل ہے اور بھارت کو سیریز برابر کرنے کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی ہے۔

اسی بارے میں