ہمبنٹوٹا: پاکستان سے سری لنکا کو چار وکٹوں سے ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان نے سری لنکا کو ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان کی جانب سے صہیب مقصود نے 87 اور فواد عالم نے 62 رنز سکور کیے۔

سری لنکا نے پہلے ایک روزہ میچ میں کپتان اینجلو میتھیوز کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان کو 276 رنز کا ہدف فراہم کیا جسے ڈک ورتھ لوئیس نظام کے تحت ایک رن کی کمی سے 275 رنز کر دیا گیا۔

ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والا میچ بارش کے باعث 45 اوورز تک محدود کر دیا گیا اور سری لنکا نے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے۔

پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔

پاکستانی بولرز نے اپنے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کیا اور سری لنکا کے چار کھلاڑی صرف 75 کے سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں دلشان اور چندی مل کو محمد عرفان جبکہ کمارا سنگاکارا کو محمد حفیظ اور تھارنگا کو وہاب ریاض نے آؤٹ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption میتھیوز (بائیں) 89 رنز کے ساتھ سری لنکن اننگز کے ٹاپ سکورر رہے

اس مشکل وقت میں کپتان اینجلو میتھیوز اور تجربہ کار مہیلا جےوردھنے نے ٹیم کو سنبھالا اور پانچویں وکٹ کے لیے116 رنز کی شراکت قائم کی۔

ان دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں بنائیں اور اس شراکت کا خاتمہ جےوردھنے کے رن آؤٹ ہونے پر ہوا۔ انھوں نے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔

میتھیوز نے عمدہ بلے بازی جاری رکھی اور بیٹنگ پاور پلے میں جارحانہ انداز اپنایا۔

انھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا سکور بنایا اور نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آخر میں پرینجن کی 15 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کی بدولت سری لنکن ٹیم ایک بڑے سکور تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جےوردھنے نے 63 رنز کی اہم اننگز کھیلی

آخری دس اوورز میں سری لنکن بلے بازوں نے دس رنز فی اوور کی اوسط سے سکور کیا اور پاکستانی بولرز بےبس دکھائی دیے۔

پاکستان کو چھٹی اور ساتویں کامیابی وہاب ریاض نے پریرا اور میتھیوز کو بولڈ کر کے دلوائی۔ وہ تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر بھی رہے۔

یہ میچ پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے لیے خاص تھا۔ وہ آج پاکستان کے لیے سب سے زیادہ 379 ایک روزہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے پہلے یہ اعزاز انضمام الحق کے پاس تھا۔

پاکستان کو اس میچ میں اپنے اہم بولر آف سپنر سعید اجمل کی خدمات حاصل نہیں۔ سعید اجمل اپنے بولنگ ایکشن پر اٹھنے والے اعتراضات دور کرنے کے لیے آسٹریلوی شہر برسبین میں واقع بایو مکینیکل لیب میں ٹیسٹ دینے گئے ہیں۔

پاکستان کو دورۂ سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز میں دو صفر سے شکست ہوئی ہے اور اب وہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے۔

اسی بارے میں