یوسین بولٹ کی چیتے کے ساتھ دوڑنے کی خواہش

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ’اب تک کی سب سے اچھی دوڑ جمیکا میں تھی اور وہ بھی تب جب میں صرف 15 سال کا تھا‘

جمیکا سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے کہا ہے کہ اگر انھیں کار اور چیتے میں سے کسی ایک کے ساتھ دوڑنے کا موقع دیا جائے تو وہ چیتے کے ساتھ دوڑنا پسند کریں گے۔

یوسین بولٹ منگل کو بنگلور کے چناسوامی سٹیڈیم میں بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ کے ساتھ کرکٹ کھیلنے پہنچے ہیں۔

دنیا کے تیز ترین ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے کرکٹ چیلنج کے سوال پر کہا ’میں بھی انھیں 100 میٹر کی دوڑ 14 سیکنڈ یا 14.5 سیکنڈ میں مکمل کرنے کے چیلنج دوں گا۔ یہ بہت مزے کا چیلنج ہو گا اور میں اس کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔‘

انھیں شکست دینے کی صلاحیت کس میں ہے کے جواب میں انھوں نے کہا ’ کسی میں نہیں، سارا کھیل ذہنی کارکردگی کا ہے۔‘

100 میٹر دوڑ میں وہ کس پر داؤ لگانا پسند کریں گے؟ بولٹ نے ہنستے ہوئے کہا ’کرس گیل پر نہیں کیونکہ وہ دھیمے ہیں۔‘

بولٹ کا کہنا ہے کہ’ان کی اب تک کی سب سے اچھی دوڑ جمیکا میں تھی اور وہ بھی تب جب وہ صرف 15 سال کے تھے۔‘

جمیکا کی نمائندگی کرنے کے حوالے سے پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا ’انتہائی شاندار، وہ میرا ملک ہے، ہر کھلاڑی اپنے ملک کے لیے کھیلنا چاہتا ہے اور میں اپنے ملک کے کھیل کر ہمیشہ خوش رہتا ہوں۔‘

کیا کبھی کھیل کے علاوہ کسی دوسرے کریئر کے بارے میں سوچا ؟:’مجھے نہیں پتا، ہو بھی سکتا ہے اور نہیں بھی۔‘

دنیا میں ایسا کون ہے جو آپ کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں:’یہ پہنچ سے باہر ہے، میں نے بہت اونچے معیار قائم کیے ہیں، ایک کھلاڑی کے طور پر میں نے ریکارڈ بنتے اور ٹوٹتے دیکھے ہیں لیکن میں ریکارڈز اور بہتر کرنا چاہتا ہوں اور اگر آپ میرے جیسا بننا چاہتے ہیں تو آپ کو سخت محنت کرنی ہوگی۔‘

اسی بارے میں