اجمل پر پابندی، سوشل میڈیا پر رد عمل

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption سعید اجمل کے ساتھ بہت سے کھلاڑیوں نے اظہار یکجہتی کیا ہے

سعید اجمل پر آئی سی سی کی طرف سے پابندی عائد کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر اہم سابق و حالیہ کھلاڑیوں نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئیں گے۔

پاکستان کے سابق سپن بولر ثقلین مشتاق نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سعید اجمل کی مدد کریں گے۔

پاکستان کے تیز رفتار بولر عمر گل نے امید ظاہر کی ہے کہ سعید اجمل اپنا ایکشن درست کرنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئیں گے: ’وہ پاکستانی کرکٹ کا ایک بڑا اثاثہ ہیں اور سارے کھلاڑی ان کے ساتھ ہیں۔‘

پاکستان کے سابق کوچ ڈیو واٹمور نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ اجمل پر پابندی کی خبر سن کر افسوس ہوا: ’دوسرا کے بارے میں کسی حد تک سمجھ آتی ہیں لیکن آف سپن پر؟ امید ہے کہ وہ عالمی کپ سے پہلے اپنا ایکشن درست کر لیں گے۔‘

انگلینڈ کے بلے باز کیون پیٹرسن نے کہا: ’اوہ، اجمل پر پابندی، یہ خبر کبھی اچھی نہیں لگتی کہ کسی پیشہ ور ساتھی کرکٹر پر برا وقت آئے۔ امید ہے وہ جلد واپس آئیں گے۔‘

آسٹریلیا کے سابق کھلاڑی ڈین جونز کہتے ہیں کہ ’اس بارے میں کسی کو کوئی غلطی فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ دوسرا اور ریورس سوئنگ کرنا زبردست ہنر ہے۔ کیا آپ چاہتے ہیں کہ دوسرا پر پابندی لگا جائے؟‘

انگلش کھلاڑی ایڈم ہولیئک کا کہنا ہے کہ ’اجمل پر تھرونگ کرنے کے باعث پابندی! میری سمجھ سے بالاتر ہے، انھیں کھیلنے دیں۔۔۔ سارے اچھے بولر ’چک‘ کرتے ہیں۔‘

تاہم برطانیہ کے سابق کھلاڑی اور حالیہ کرکٹ مبصر ڈیوڈ لوئڈ کے مطابق اجمل پر پابندی ناگزیر تھی۔

اسی بارے میں