ثقلین اجمل کا بولنگ ایکشن درست کرائیں گے

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption مشہور گیند ’دوسرا‘ ثقلین مشتاق کی ہی متعارف کردہ ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے ماضی کے شہرۂ آفاق آف سپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

ثقلین مشتاق پاکستان آ رہے ہیں اور وہ سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پر کام کریں گے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو قوانین کے منافی قرار دیتے ہوئے انہیں معطل کر دیا ہے جس کے بعد وہ اس وقت تک بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیل سکتے جب تک وہ اپنا بولنگ ایکشن درست نہ کر لیں اور آئی سی سی اسے کلیئر نہ کر دے۔

ثقلین مشتاق نے سعید اجمل کی معطلی کے فیصلے کے فوراً بعد ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا ’اگر ضرورت پڑی تو میں اپنی پوری صلاحیت کے مطابق سعید اجمل کی مدد اور حمایت کروں گا۔‘

اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس مشکل وقت میں ثقلین مشتاق کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ثقلین مشتاق اپنے دور کے کامیاب ترین آف سپنر تھے اور آف سپنرز کی مشہور گیند ’دوسرا‘ انہی کی متعارف کردہ ہے۔

اسی گیند کو استعمال کرتے ہوئے بعد میں مرلی دھرن، سعید اجمل اور دوسرے بولرز نے بین الاقوامی کرکٹ میں کامیابیاں سمیٹیں۔

37 سالہ ثقلین اس وقت انگلینڈ میں مقیم ہیں اور اپنی اکیڈمی میں نوجوان کرکٹرز کی کوچنگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی ٹیم کے لیے اپنے شاندار کریئر میں 208 ٹیسٹ اور 288 ون ڈے وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اسی بارے میں