لاہور لائنز کو دوسرے میچ میں 72 رنز سے شکست

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption محمد حفیظ نے 5 رنز بنائے اور کیچ آؤٹ ہو گئے(فائل فوٹو)

بھارت میں جاری ٹی ٹوئنٹی چیمپیئنز لیگ کے کوالیفائنگ مرحلے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نادرن نائٹس نے پاکستان کی ٹیم لاہور لائنز کو 72 سے شکست دے دی۔

لاہور لائنز پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن ہے اور اس کی قیادت ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ کر رہے ہیں۔

اتوار کو رائے پور میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور لائنز نے پہلے میچ کی طرح ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

نادرن نائٹس نےمقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے اور جواب میں لاہور لائنز 18 اوورز میں 98 رنز ہی بنا سکی۔

لاہور لائنز کی اننگز میں سعد نسیم 58 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ کپتان محمد حفیظ، احمد شہزاد، عمر اکمل اور ناصر جمشید سمیت کوئی بھی دوسرا بلے باز دوہرے ہندسے میں داخل نہیں ہو سکا۔

ناردن نائٹس کے سوتھی نے تین جبکہ بولٹ اور سوڈھی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے نادرن ن نائٹس کی اننگز میں والٹنگ اور فلئین نے 53، 53 رنز بنائے۔

سنیچر کو رائے پور میں ہی کھیلے جانے والے میچ میں لاہور لائنز نے ممبئی انڈینز کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

رائے پور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور لائنز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ممبئی انڈینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔

جواب میں لاہور لائنز نے 136 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

لاہور لائنز اپنا تیسرا اور آخری کوالیفائنگ میچ 16 ستمبر کو سری لنکا کی ٹیم سدرن ایکسپریس کے خلاف کھیلے گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال چیمپیئنز لیگ میں پاکستان کی نمائندگی فیصل آباد وولز نے کی تھی جس کے کپتان مصباح الحق تھے۔

چیمپیئنز لیگ میں پاکستانی کرکٹروں کی شرکت کو پاک بھارت کرکٹ روابط کے ضمن میں ایک خوش آئند قدم کہا جا رہا ہے، تاہم آئی پی ایل کے دروازے پاکستانی کرکٹروں پر اب بھی بند ہیں۔

اسی بارے میں