شاہد آفریدی 2016 تک ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان مقرر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption شاہد آفریدی کی تقرری 2016 کے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئٹنی تک کے لیے کی گئی ہے

شاہد آفریدی کو پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ مصباح الحق بدستور ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان رہیں گے۔

شاہد آفریدی کی تقرری 2016 کے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک کے لیے کی گئی ہے۔

ٹیم کوئی بھی، کھلاڑی صرف آفریدی

واضح رہے کہ اس سال بنگلہ دیش میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر محمد حفیظ نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نئے کپتان کی تلاش میں تھا تاہم اس نے مستقبل کو ذہن میں رکھتے ہوئے کسی نئے کپتان پر اعتماد کرنے کی جرات دکھانے کے بجائے شاہد آفریدی کو دوبارہ کپتانی سونپ دی ہے۔

شاہد آفریدی نے ساڑھے تین سال قبل ویسٹ انڈیز کے دورے میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی تھی جس میں اس نے ون ڈے سیریز تین دو سے جیتی تھی البتہ واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ویسٹ انڈیز سات رنز سے جیتا تھا۔

اسی دورے میں شاہد آفریدی اور کوچ وقار یونس کے درمیان شدید اختلافات سامنے آئے تھے جس کے نتیجے میں آفریدی کو کپتانی سے محروم ہونا پڑا تھا اور چند ماہ بعد وقار یونس نے بھی خرابیِ صحت کو بنیاد بنا کر کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

شاہد آفریدی نے 19 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ہے جن میں صرف آٹھ جیتے ہیں اور 11 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

وہ 74 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جن میں انھوں نے چار نصف سنچریوں کی مدد سے 1112 رنز بنانے کے علاوہ 77 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

دوسری جانب سلیکشن کمیٹی نے مصباح الحق پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انھیں ون ڈے اور ٹیسٹ کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کی شکست کے باوجود مصباح الحق کو ہٹائے جانے کو خارج از امکان قرار دے دیا تھا اور کہا تھا کہ ایک خراب نتیجے پر مصباح کو کپتانی سے ہٹانا دانش مندانہ فیصلہ نہیں ہوگا۔

مصباح الحق 74 ون ڈے انٹرنیشنل میں کپتانی کر چکے ہیں جن میں سے 40 میں کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ 29 ٹیسٹ میچوں میں سے 12 میں وہ کامیاب رہے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران کیا جائے گا جو بدھ سے کراچی میں شروع ہو رہا ہے۔

اسی بارے میں