لاہور لائنز چیمپیئنز لیگ کے مرکزی راؤنڈ میں

تصویر کے کاپی رائٹ TheNewsTribe
Image caption لاہور لائنز پاکستان کی ٹی20 چیمپیئن ٹیم ہے

بھارت میں جاری ٹی20 چیمپیئنز لیگ میں لاہور لائنز کی ٹیم اس ٹورنامنٹ کی تاریخ میں حتمی مرحلے میں پہنچنے والی پہلی پاکستانی ٹیم بن گئی ہے۔

کوالیفائنگ مرحلے میں اپنے تیسرے اور اہم میچ میں لاہور لائنز نے سری لنکا کی ٹیم سدرن ایکسپریس کو 55 رنز سے شکست دی۔

تاہم اس فتح کے بعد بھی اس کے اگلے مرحلے میں جانے کا دارومدار ممبئی انڈینز اور ناردرن ڈسٹرکٹس کے مابین میچ کے نتیجے پر تھا جس میں ممبئی انڈینز کی شکست سے لاہور لائنز کو گروپ میں دوسرے نمبر پر آنے اور آگے بڑھنے کا موقع مل گیا۔

منگل کو رائے پور میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور لائنز نے پہلے کھیلتے ہوئے کپتان محمد حفیظ کی عمدہ نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 164 رنز بنائے۔

حفیظ نے 40 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 67 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ انھیں اس کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

ان کے علاوہ اوپنر احمد شہزاد نے 29 اور سعد نسیم نے 31 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ایک اچھے مجموعے تک پہنچنے میں مدد دی۔

سری لنکا کی جانب سے معروف تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔

جواب میں سدرن ایکسپریس کی ٹیم 18ویں اوور میں 109 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سدرن ایکسپریس کے بلے باز بڑی شراکت داریاں قائم کرنے میں ناکام رہے۔ جیہان مبارک 35 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ناردرن لائٹس کے اوپنر کین ولیمسن نے نصف سنچری سکور کی

سری لنکن ٹیم کے سات بلے بازوں کا سکور دہرے ہندسوں میں بھی نہ پہنچ سکا۔

پاکستان کی جانب سے اعزاز چیمہ تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے، جبکہ وہاب ریاض اور عدنان رسول نے دو دو وکٹیں لیں۔

دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ناردرن ڈسٹرکٹس نے ممبئی انڈینز کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔

ممبئی انڈینز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔

ایک موقع پر بھارتی ٹیم کی 5 وکٹیں 46 رنز پر گر گئی تھیں لیکن پھر پولارڈ اور آخر میں گوپال اور ملنگا نے ٹیم کے سکور کو بہتر بنایا۔

جواب میں ناردرن ڈسٹرکٹس نے مقررہ ہدف باآسانی اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی اس ٹیم کے لیے اوپنر کین ولیمسن نے نصف سنچری سکور کی۔ وہ 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

چیمپیئنز لیگ کے حتمی مرحلے کا آغاز 17 ستمبر کو چنئی سپر کنگز اور کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے مابین میچ سے ہوگا۔

اسی بارے میں