14 سالہ کرکٹر کا لاکھوں کا تشہیری معاہدہ

تصویر کے کاپی رائٹ Prithvi Shaw
Image caption کھیلوں کی مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی ایس جی نے پرتھوی سے چھ سال کے لیے یہ معاہدہ کیا ہے

بھارت کے سابق کرکٹر سچن تندولکر نے 16 سال کی عمر میں اپنا بین الاقوامی کریئر شروع کیا تھا لیکن ان کو پہلا تشہیری معاہدہ کرنے کے لیے چھ سال کا انتظار کرنا پڑا۔

لیکن سچن کو اپنی مثالی شخصیت قرار دینے والے نوعمر پرتھوی شانے محض 14 سال کی عمر میں 36 لاکھ روپے کا تشہیری معاہدہ کیا ہے۔

ابھی پرتھوی شا نے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز نہیں کیا ہے اور اتنی کم عمر میں اتنا بڑا تشہیری معاہدہ کرنے والے پہلے بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

پرتھوی شا نے گذشتہ سال ممبئی میں سکول لیول کے کرکٹ ٹورنامنٹ ہیرس شیلڈ میں اپنے سکول رضوی سپرنگ فیلڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے ایک ہی اننگز میں ریکارڈ 546 رنز بنائے تھے۔

کھیلوں کی مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی ایس جی نے پرتھوی سے چھ سال کے لیے یہ معاہدہ کیا ہے۔

ایس جیز کے سیلز ڈائریکٹر پارس آنند نے بی بی سی کو بتایا کہ’ پرتھوی گذشتہ چند برس سے ہماری کمپنی کے بیٹ اور کٹ استعمال کر رہے ہیں لیکن جب انھوں نے 546 رن کا عالمی ریکارڈ بنایا تو ہماری توجہ ان پر گئی۔‘

انھوں نے کہا کہ ’ہمیں لگا کہ اس لڑکے میں تو بہت صلاحیت ہے. اس لیے ہم نے ان کے ساتھ یہ معاہدہ کر کے انھیں کی صلاحیت میں اضافے کا فیصلہ کیا۔‘

پرتھوی شا ممبئی کی انڈر -19 ٹیم کے لیے کھیلنے گئے ہیں اور ان سے رابطہ نہیں ہو سکا تھا تاہم ان کے کوچ راجو قاری سے ضرور بات ہوئی۔

راجو قادری نے کہا کہ ’مالی مدد ملنے سے پرتھوی کا حوصلہ کافی بڑھے گا۔ وہ غریب خاندان سے ہیں اور اب انھیں اس بات کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں کہ کرکٹ کھیلنے کا خرچ کہاں سے آئے گا۔‘

کیا اتنی کم عمر میں اتنا پیسہ ملنے سے زمین کے کرکٹ پر توجہ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

اس کے جواب میں راجو نے کہا ’دیکھیے یہ مکمل پیسہ انھیں ایک ساتھ تو ملے گا نہیں۔ چھ سال کا معاہدہ ہے اور یہ لڑکا بہت محنتی اور لگن والا ہے۔ اس کی توجہ بالکل بھی نہیں ہٹے گی بلکہ معاوضہ ملنے سے اس کا حوصلہ بڑھے گا۔

راجو قادری نے بتایا کہ پرتھوی، سچن تندولکر کے بیٹے ارجن تندولکر کے ساتھ بھی کئی بار پریکٹس کر چکے ہیں اور خود سچن پرتھوی کے کھیل سے بہت متاثر ہیں اور انھیں کئی تجاویز بھی دے چکے ہیں۔

اسی بارے میں