لاہور لائنز کو چار وکٹوں سے شکست

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption نائٹ رائیڈرز کے کپتان گوتم گمبھیر نے عمدہ بلےبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 60 رنز بنائے

چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں اتوار کو حیدرآباد میں کھیلے جانے والے ایک میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے لاہور لائنز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔

نائٹ رائیڈرز کے کپتان گوتم گمبھیر کے60 رنز اور ان کے ساتھی اوپنگ بلے باز رابن اُتھپا کے46 رنز کی مدد سے لاہور لائنز کا مقرر کردہ 151 رنز کا ہدف تین گیندیں قبل پورا کر لیا۔

لاہور لائنز کی جانب سے اوپنر احمد شہزاد نے59 رنز بنائے جب کہ عمر اکمل 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ تاہم ان دونوں کے علاوہ لائنز کا کوئی بھی بلےباز جم کر نہ کھیل سکا۔

کولکتہ کے سنیل نارائن نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اووروں میں صرف نو رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے جواب میں گوتم گمبھیر اور اتھپا نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ایک سو رنز بنا کر میچ پر گرفت مضبوط کر لی، تاہم اس کے بعد اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

اس سے لاہور لائنز کے میچ میں واپس آنے کے امکانات پیدا ہو گئے لیکن سوریہ کمار یادو نے پانچ گیندوں پر 14 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو آخری اوور میں فتح دلا دی۔

لاہور لائنز کی جانب سے اعزاز چیمہ نے دو وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ خاصے مہنگے ثابت ہوئے اور انھوں نے چار اووروں میں 42 رنز دے ڈالے۔