انگلینڈ: ایلسٹر کک ٹیم کی قیادت کریں گے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایلسٹر کک کو سنہ 2011 میں انگلینڈ کی ایک روزہ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا

سری لنکا کے خلاف نومبر میں شروع ہونے والی ایک روزہ کرکٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کی ٹیم کا اعلان بدھ کو کیا جائے گا۔

ایلسٹر کک کے بارے میں کہا جا رہا ہے وہی سری لنکا کے خلاف ایک روزہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

خیال رہے کہ سری لنکا اور بھارت کے خلاف حالیہ ایک روزہ سیریز ہارنے کے بعد انگلینڈ کے متعدد سابق کھلاڑیوں نے ایلسٹر کک کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو ٹیم کے قیادت سوپنے کا مطالبہ کیا تھا۔

سری لنکا کے خلاف 26 نومبر سے شروع ہونے والی اس سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم سات ایک روزہ میچ کھیلے گی۔

فروری سنہ 2015 میں ایک روزہ عالمی کپ شروع ہونے سے پہلے انگلینڈ کی ٹیم سات جنوری سے یکم فروری کے دوران آسٹریلیا میں بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف سہ ملکی سیریز بھی کھیلے گی۔

خیال رہے کہ ایلسٹر کک کو سنہ 2011 میں انگلینڈ کی ایک روزہ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

ایلسٹر کک کی قیادت میں انگلینڈ کی ایک روزہ ٹیم سنہ 2012 میں کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آ گئی تھی۔ اس کے بعد انگلینڈ کی ایک روزہ ٹیم اپنے ملک میں مسلسل چار ایک روزہ سیریز ہار گئی تھی۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک نے 63 ایک روزہ میچوں میں ٹیم کی قیادت کی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ انھوں نے انگلینڈ کی جانب سے 37.62 رنز کی اوسط سے 3,085 بنائے ہیں۔

اس سے قبل انگلینڈ کے سابق سپنر گریم سوان نے اگست میں کہا تھا کہ ایلسٹر کک کو ایک روزہ کرکٹ نہیں کھیلنی چاہیے جبکہ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا تھا کہ ایلسٹر کک کو ٹیم کی قیادت نہیں کرنی چاہیے۔

انگلینڈ کے سابق کوچ ایشلی جائلز نے گذشتہ ہفتے بی بی سی کو بتایا تھا ایک روزہ میچوں کی قیادت کے لیے کپتان تبدیل کرنے کے لیے بہت دیر ہو چکی ہے۔

انگلینڈ کے سابق بلے باز جیفری بائیکاٹ نے بھی کہا تھا کہ ایلسٹر کک کو ایک روزہ ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے ڈراپ کرنے میں ابھی دیر نہیں ہوئی۔

اسی بارے میں