محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن مشکوک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption محمد حفیظ لاہور لائنز کے دوسرے بولر ہیں جن کے بولنگ ایکشن پر چیمپینز لیگ میں اعتراض سامنے آیا ہے

چیمپینز لیگ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والی ٹیم لاہور لائنز کے کپتان محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے بارے میں امپائرز نے رپورٹ کردی ہے کہ وہ کھیل کے قوانین کے مطابق نہیں ہے۔

محمد حفیظ جو آف اسپن بولنگ کرتے ہیں چیمپینز لیگ میں لاہور لائنز اور ڈولفنز کے بنگلور میں کھیلے گئے میچ میں بولنگ کرتے ہوئے مشکوک ایکشن کی زد میں آئے ہیں جس کے بارے میں امپائرز کمار دھرنا سینا اور ونیت کلکرنی نے رپورٹ کی ہے۔

اسی میچ میں ڈولفنز کے بولر سبرائن کے بولنگ ایکشن کو بھی امپائرز نے قوانین کے برخلاف قرار دیا ہے۔

محمد حفیظ لاہور لائنز کے دوسرے بولر ہیں جن کے بولنگ ایکشن پر چیمپینز لیگ میں اعتراض سامنے آیا ہے۔

ان سے قبل عدنان رسول کا بولنگ ایکشن بھی رپورٹ ہوچکا ہے۔

مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق چیمپینز لیگ کی پالیسی کے مطابق محمد حفیظ کو وارننگ لسٹ میں رکھا گیا ہے اور وہ کھیل سکتے ہیں لیکن اگر ان کے بولنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کے بارے میں امپائرز نے دوبارہ رپورٹ کردی تو وہ اس ٹورنامنٹ اور بی سی سی آئی کے تحت ہونے والے کسی بھی میچ میں بولنگ نہیں کرسکیں گے۔

محمد حفیظ اگر چاہیں تو بی سی سی آئی کی مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق کمیٹی سے مدد کی درخواست کرسکتے ہیں۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ محمد حفیظ مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آئے ہیں۔

جنوری دو ہزار پانچ میں آسٹریلیا میں کھیلی گئی سہ فریقی ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف برسبین میں کھیلے گئے میچ میں امپائرز روڈی کرٹزن اور پیٹر پارکر نے محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کے بارے میں آئی سی سی کو رپورٹ کی تھی جس کے بعد انہیں اپنے بولنگ ایکشن کی درستگی کے عمل سے گزرنا پڑا تھا۔

حالیہ دنوں میں آئی سی سی مشکوک بولنگ ایکشن کے معاملے میں انتہائی سخت موقف اختیار کرچکی ہے اور متعدد آف اسپنرز اس کی زد میں آچکے ہیں جن میں پاکستان کے سعید اجمل قابل ذکر ہیں۔

اسی بارے میں